ملک کا مستقبل اور قوم کی خوشحالی اسلامی نظام سے وابستہ ہے،حسین محنتی

249

حیدرآباد/کراچی(اسٹاف رپورٹ/نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی سندھ و سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی دعوتی اور غلبہ دین کی تحریک ہے۔ بلدیاتی و عام انتخابات میں بھرپور حصہ لیکر قوم کو با صلاحیت اور دیانتدار قیادت کو منتخب کرنے کا موقع دیں گے۔ حکومت مہنگائی کے جن کو قابو اور قیمتوں پر کنٹرو کرنے کے اقدامات کر کے قوم سے کیے گئے وعدے پورے کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حیدرآباد میں جماعت اسلامی کی ضلعی مجلس شوریٰ کے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پر نائب قیم صوبہ حافظ طاہر مجید، امیر ضلع عقیل احمد خان، صوبائی سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا سمیت دیگر ذمے داران بھی ساتھ موجود تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک کا مستقبل اور قوم کی خوشحالی اسلامی نظام کے ساتھ وابستہ ہے۔ جماعت اسلامی ملک کو حقیقی معنیٰ میں اسلام کا گہوارہ بنانے میںکسی بھی قسم کی قربانی سے گریز نہیں کرے گی۔ صوبائی امیر نے کہا کہ مہنگائی، بیروزگاری اور بجلی کی لوڈ شیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیرن کر دی ہے۔ حیدرآباد میں ٹرانسفامر پھٹنے کا واقعہ افسوس ناک ہے جس کی تمام تر ذمے داری حیسکو پر ہے۔سندھ کے دوسرے بڑے شہرحیدرآباد میںٹرانسفارمر واقعے کے زخمیوں کے علاج کی سہولیات کی عدم دستیابی سندھ میں ترقی کی دعویدارحکمرانوں کے لیے لمحہ فکر ہے ۔ بجلی کی لوڈ شیڈنگ اوور بلنگ اور دیگر طریقوں سے تنگ کر کے عوام کو ذہنی مریض بنایا جارہا ہے مگرپھربھی وفاقی وزیر سب کچھ ٹھیک اورملک میں زیرو لوڈشیڈنگ کا بیان دے رہے ہیں جوکہ ملک وقوم کے ساتھ مذاق ہے۔ وفاق میں پی ٹی آئی اورسندھ میں پیپلزپارٹی نے اپنے دعووں اوروعدوں کے برعکس عوام کے مسائل حل کرنے کے بجائے اضافہ کیاہے ۔