گھروں کی تعمیر مہنگی ہونے سے کرائے بڑھ رہے ہیں،شاہد رشید بٹ

123

اسلام آباد(کامرس ڈیسک )تاجر رہنما اوراسلام آباد چیمبر کے سابق صدر شاہد رشید بٹ نے کہا ہے کہ تعمیراتی پیکج کے اعلان کے بعد سے کنسٹرکشن میٹریل کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے جہاں اس اہم شعبہ کو نقصان پہنچایا ہے اور نجی و سرکاری منصوبوں کی لاگت میں اضافہ کیا ہے وہیں اب شہروں میں گھروں کے کرائے بھی بڑھنا شروع ہو گئے ہیںجس سے عوام مزید متاثر ہوں گے۔ گھروں کی تعمیر پر اب پہلے سے زیادہ سرمایہ لگ رہا ہے اس لیے مالکان کی جانب سے زیادہ کرائے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔ شاہد رشید بٹ نے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ سیمنٹ سریا اینٹ بلاک ریٹ بجری المونیم شیشے لکڑی پینٹ اور ہاوڈوئیر سمیت سارا تعمیراتی سامان مسلسل مہنگا ہو رہا ہے جس کے نتیجہ میں گھر مہنگے بن رہے ہیں۔ حکومت گھروں کے کرائے میں اضافہ کا نوٹس لے کر اس پر قابو پائے تاکہ اسے ایک نیا بحران بننے سے روکا جا سکے۔ اس وقت ملک میں ایک کروڑ گھروں کی کمی ہے جس میں ہر سال چار لاکھ گھروں کااضافہ ہو رہا ہے مگر اس سلسلہ میں اقدامات ناکافی ہیں۔ڈویلپرز اور بلڈرز کو بہت زیادہ مراعات دی گئی ہیں مگر انکی جانب سے وہ کارکادگی نہیں دکھائی گئی۔