اولمپکس ، بھارت کو ہاکی میں آسٹریلیا کے ہاتھوں عبرتناک شکست ، جاپانی بہن بھائی نے سونے کا تمغہ جیت لیا

307
جاپان کے ٹوکیو میں چین اور پولینڈ کے مابین مینز 3 ایکس 3 باسکٹ بال میچ کے پول رائونڈ کے بعد چین کے یان پھینگ اپنے ساتھی گائوشی یان کے ہمراہ جشن منا رہے ہیں

 

کراچی(سید وزیر علی قادری)اولمپک براڈ کاسٹنگ سروسز کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر زیانس ایگزرکوس نے دعویٰ کیا ہے کہ ٹوکیو گیمز کی افتتاحی تقریب کو جاپان میں 7 کروڑ افراد نے براہ راست دیکھا اور یہ گذشتہ 10سال میں سب سے زیادہ دیکھی گئی تقریب تھی۔برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز نے جاپان کی نیوز ایجنسی کیوڈو نیوز کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا ہے کہ ٹیلی ویژن دیکھنے والے 56 فیصد افراد اور کانٹو ریجن میں اولمپک کی افتتاحی تقریب براہ راست جاپان براڈکاسٹنگ کارپوریشن این ایچ کے پر دیکھی گئی۔ ٹوکیو اولمپکس میں میزبان جاپان کے ایتھلیٹس چھائے رہے جب کہ مزید 4ٹائٹل جیت کر طلائی تمغوں کی تعداد 5کرلی۔چین نے مجموعی طور پر 6گولڈ، ایک سلور اور 4برانز لیکر میڈلز ٹیبل پر پہلی پوزیشن برقرار رکھی، امریکا نے 4گولڈ، 2سلور اور 4برانز میڈلز لیکر تیسری پوزیشن پر قبضہ جمایا، جنوبی کوریا نے 2طلائی اور 3کانسی کے میڈلز کے ساتھ چوتھی پوزیشن اپنے نام کررکھی ہے۔ٹوکیو گیمز کا دوسرا دن مجموعی طور پر جاپانی ایتھلیٹ کے نام رہا، اسکیٹ بورڈنگ میں جاپانی ایتھلیٹ یوٹو ہوریگوم نے طلائی تمغہ ملک کے لیے حاصل کیا، جوڈو میں جاپانی بھائی اور بہن نے گولڈ میڈلز جیت کر تاریخ رقم کردی، میزبان کھلاڑی یوٹا ایبے نے ویمنز 52 کے جی میں گولڈ میڈل جیت لیا۔اس سے چند گھنٹے قبل ان کی بھائی ہیفیومی نے مینز 66 کے جی میں طلائی تمغہ حاصل کیا، ان دونوں نے ایک ہی اولمپکس میں ٹائٹلز جیت کر تاریخ رقم کی، وہ یہ کارنامہ انجام دینے والے پہلے سگے بھائی بہن بنے.تیونس کے سوئمر نے سپرپاورز کو حیران کردیا۔18سالہ احمد حفانوئی نے 400میٹر فری اسٹائل سوئمنگ میں سب کو پیچھے چھوڑ دیا، آسٹریلیا کے جیک میک لوگلن نے سلور جبکہ امریکی سوئمر کیرین اسمتھ نے برانز میڈل پر اکتفا کیا۔ ویمنز روڈ سائیکلنگ آسٹریا کی اینا کیسن ہوفر نے جیت لی ، نیدرلینڈز کی اینامیک وان ویلوٹن نے نقرئی جبکہ اٹلی سے تعلق رکھنے والی سائیکلسٹ ایلیسا بروگنی نے کانسی کا تمغہ اپنے نام کیا۔مینز 68 کے جی تائیکوانڈو میں یولوگبیک راشیٹوف نے ازبکستان کے لیے پہلا گولڈ میڈل جیت لیا، برطانیہ کے بریڈلے سینڈن سلور اور چین کے شوئی زا نے برانز میڈل پایا.فینسنگ ( شمشیر زنی ) ویمنز فوائل انفرادی ایونٹ میں امریکا کی لی کائیفر نے سونے، اینا ڈیریگلیزووا نے چاندی اور لاریسا نے کانسی کا تمغہ جیتا۔ویٹ لفٹنگ 67 کے جی میں چین کے چین لوجین نے پہلی، موسکیورا نے دوسری جبکہ میرکو زینی نے تیسری پوزیشن پر اختتام کیا. ویمنز 57 کے جی تائیکوانڈو میں امریکا کی اناستاسیجا زولوٹک نے میدان مارلیا، انھوں نے گولڈ میڈل پر قبضہ جمایا، ٹاٹینا نے سلور اور چی لینگ لو نے برانز میڈل پر اکتفا کیا۔بھارتی ہاکی ٹیم ٹوکیو اولمپکس کے دوسرے دن آسٹریلیا سے ایک کے مقابلے میں 7گول سے ہار گئی جب کہ میچ کے بعد شائقین اور ناقدین نے ٹیم کی کارکردگی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ٹوکیو اولمپکس میں بھارتی ہاکی ٹیم نے گولڈ میڈل کی جانب اپنا سفر ہفتے کو شاندار انداز میں شروع کیا تھا جب اس نے نیوزی لینڈ کو اپنے افتتاحی میچ میں 3-2 سے زیر کیا لیکن اگلے ہی دن ان کے اولمپک پوڈیم پر کھڑے ہونے کا خواب چکنا چور ہوگیا۔بھارتی ہاکی ٹیم کو دنیا کی ٹاپ ٹیموں میں سے ایک آسٹریلیا کے خلاف اپنے دوسرے میچ میں 7 ایک سے شکست کی ہزیمت اٹھانی پڑی، جب سے گراہم ریڈ کوچ بنے ہیں یہ بھارت کی سب سے بڑے مارجن سے شکست ہے۔ اولمپک گیمز، مینز ہاکی ایونٹ میں بیلجیئم نے جرمنی اور برطانیہ نے کینیڈا کو شکست دے دی، اوئی ہاکی سٹیڈیم میں کھیلے گئے مینزہاکی ایونٹ کے پہلے میچ میں بیلجیئم نے جرمنی کو ایک کے مقابلے 3 گول سے مات دے کر مسلسل دوسری کامیابی حاصل کر لی۔ اسی میدان پر کھیلے گئے دوسرے میچ میں برطانیہ نے کینیڈا کو 1-3 سے شکست دی۔ برطانیہ کی بھی یہ ایونٹ میں مسلسل دوسری فتح ہے۔اولمپک جوڈو ایونٹ میں جاپان کے شوہی اونو اور فرانس کی سیرا لیونی نے طلائی تمغے جیت لئے۔ اولمپک کھیلوں کے دلچسپ مقابلے جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں جاری ہیں۔ پیر کو مینز جوڈو 73 کلوگرام کیٹگری میں جاپان کے شوہی اونو نے سونے کا تمغہ جیت لیا، جارجیا کے لاشا شاوادوآشویلی دوسرے نمبر پر رہے۔ ویمنز 57 کلوگرام کیٹگری میں فرانس کی سیرا لیونی نے طلائی تمغہ اپنے نام کر لیا جبکہ کوسوو کی نورا جیجاکووا نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔ٹام پڈکاک نے مائونٹین بائیک کراس کنٹری مقابلوں میں فتح حاصل کرکے برطانیہ کو اولمپکس میں تیسرا گولڈ میڈل جتوا دیا۔ تفصیلات کے مطابق لیڈز سے تعلق رکھنے والے 21 سالہ نوجوان ریسر سوئس ورلڈ نمبر ون میتھیا فلوکیگر اور سپین کے ڈیوڈ ویلرو کو پیچھے چھوڑ کر برطانیہ کے لئے طلائی تمغہ جیتنے میں کامیاب ہوا۔ پڈکاک 2 ماہ قبل ٹریننگ کے دوران زخمی ہو گئے تھے۔ انہوں نے سرجری کے 6 دن بعد بائیک پر واپس آنے کے بعد یہ اعلان کیا تھا کہ وہ ٹوکیو اولمپکس میں فتح حاصل کریں گے اور انہوں نے اسے سچ ثابت کر دیا۔ پڈ کاک نے ٹریننگ کے دوران ٹوکیو میں بڑھتے درجہ حرارت سے ہم آہنگ ہونے کے لئے اپنے گھر میں گرم خیمے میں تیاری کی۔ برطانیہ نے ٹوکیو اولمپکس میں 3 گولڈ میڈل حاصل کر لئے۔ پیر کے روز ایڈم پیٹی نے 100 میٹر بریسٹ سٹروک میں اور ٹام ڈیلی اور میٹی لی نے مینز سینکرونائزڈ مقابلے میں برطانیہ کے لئے سونے کے تمغے حاصل کئے۔