حیدرآباد، لاکھڑا پاور ملازمین چھٹے روز بھی سراپا احتجاج

93

 

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) زونل ورکرز یونین لاکھڑا پاور ہاؤس کی جانب سے ملازمین نے لاکھڑا پاور ہاؤس کی بندش اور چار ماہ سے تنخواہیں نہ ملنے کیخلاف حیدرآباد پریس کلب کے سامنے چھٹے روز بھی احتجاج جاری رکھا۔ اس موقع پر اقبال خان، اعظم خان، نوید عباسی، مظہر ملاح اور دیگر رہنمائوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ حکومت نے گزشتہ تین سال سے لاکھڑا پاور ہاؤس کو بلا جواز بند کر رکھا ہے اور پاور ہائوس کی بندش کے سبب ملازمین کی تنخواہیں بھی تاخیر کا شکار ہوچکی ہیں اور وقت پر تنخواہیں نہ ملنے کے سبب ملازمین سخت مشکلات کا سامنا کرنے پر مجبور ہیں۔ رہنماؤں نے مزید کہا کہ 300 ملازمین ریگولر کی بنیاد پر گزشتہ 26 سال سے کام کررہے ہیں، ملازمین کو تنخواہیں نہ ملنے کے سبب عید کے ایام میں بھی ان کے گھروں میں فاقہ کشی جیسی صورت رہی۔ انہوں نے کہا کہ ہم کئی ماہ سے اعلٰی افسران کو تحریری درخواستیں دے رہے ہیں لیکن اب تک کوئی تدارک نہیں ہوسکا۔ انہوں نے ارباب اختیار سے اپیل کی کہ لاکھڑا پاور ہاؤس کو چلا کر ملازمین کی چار ماہ کی بقایا تنخواہیں جاری کر کے ملازمین میں پائی جانے والی بے چینی کا خاتمہ کیا جائے۔