منگھوپیر میں جماعت اسلامی کا کارکن شہید۔امن پسندی کو کمزوری سمجھا جارہا ہے ،حافظ نعیم

232
امیر جماعت اسلامی کراچی عباسی اسپتال میں کارکن کی میت پر سوگوار کھڑے ہیں‘ چھوٹی تصویر میں میڈیا سے گفتگو کررہے ہیں

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) جماعت اسلامی کے مقامی رہنما کے بیٹے محمد علی کو ٹارگٹ کلنگ میں شہید کر دیا گیا ‘جبکہ فائرنگ سے ان کے بھائی بھی شدید زخمی ہے ،نماز جنازہ آج بعد نماز ظہر گلزارآباد منگھوپیر میں امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کی امامت میں ادا کی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق نیوکراچی صنعتی ایریا تھانے کی حدود ڈاڈیکس یونائیڈ فیکٹری گلزار آباد خمیسو گوٹھ سیکٹر 5 ایف کے قریب جماعت اسلامی منگھو پیر کے ذمہ دار حاجی محمد اسحاق خان کی ہاڈوریئر کی دکان پر نامعلوم نے فائرنگ کردی جس میں ان کے بھائی 63سالہ سراج الدین ولد گل مجید اور بیٹا 25سالہ محمد علی ولد محمد اسحاق زخمی ہوگئے ، محمد علی بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگئے ، واقع کی اطلاع ملتے ہی جماعت اسلامی کے کارکنان کی بڑی تعداد جناح اسپتال پہنچ گئی ، بعدازاں ان کی میت پوسٹ مارٹم کے لیے عباسی اسپتال منتقل کی گئی ۔ امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن بھی اطلاع ملتے ہی عباسی اسپتال پہنچ گئے۔ انہوں نے ٹارگٹ کلنگ کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے پرامن رہنے کو کمزوری سمجھا رہا ہے‘ جماعت اسلامی کے کارکنان کی ٹارگٹ کلنگ پر زیادہ دیر خاموش نہیں رہ سکتے‘ گورنر سندھ‘ وزیراعلیٰ مراد علی شاہ‘ ڈی جی رینجرز سندھ اور آئی جی سندھ ٹارگٹ کلنگ کے واقعات کا فوری نوٹس لیں اور ملزمان کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے۔اس موقع پر اسپتال میں امیر ضلع غربی مولانا مدثر انصاری، سیکرٹری عبدالحنان سمیت جماعت اسلامی کے رہنماؤں اور کارکنان کی بڑی تعداد اسپتال میں موجود تھی۔ شہید محمد علی کی نماز جنازہ آج بعد نماز ظہر گلزار آباد منگھو پیر میں امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کی امامت میں ادا کی جائے گی۔