عمرہ زائرین کو کسی تیسرے ملک میں14دن کا قرنطینہ کرنا ہوگا

393

جدہ (صباح نیوز) سعودی حکومت کے یکم محرم سے بیرونِ ملک کے معتمرین کے لیے عمرہ کھولنے کے فیصلے کا اعلان مملکت کی قومی کمیٹی برائے حج و عمرہ کے رکن ہانی علی العمیری نے عرب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس سلسلے میں حرمین شریفین کی ویب سائٹ پر جاری ہدایات میں کہا ہے کہ9 ممالک کے شہریوں کو سعودی عرب پہنچنے سے پہلے کسی تیسرے ملک
میں14دن کا قرنطینہ کرنا ہوگا۔ ان ممالک کی فہرست میں پاکستان بھی شامل ہے جس کے شہریوں کی مملکت آمد سے قبل انہیں کسی دوسرے ملک میں 2 ہفتوں کا قرنطینہ کرنا ہوگا۔ ہدایات کے مطابق عمرے پر آنے والوں کے لیے فائزر، موڈرنا، اسٹرازینیکا یا جانسن اینڈجانسن ویکسین لگی ہونی چاہیے۔ ان ویکسینز کی دونوں خوراکیں لگوانے والوں کوعمرے پر آنے کی اجازت ہوگی۔قومی کمیٹی برائے حج و عمرہ کے رکن ہانی علی العمیری کے مطابق سعودی عرب میں 500عمرہ کمپنیاں معتمرین کو خوش آمدید کہنے کی تیاری میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صحت، سلامتی سے متعلق قواعد و ضوابط کو یقینی بنایا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ عمرہ کی 6000غیر ملکی کمپنیوں، 30آن لائن پورٹلز کے ذریعے عمرہ رہائش کا انتظام ہوسکے گا۔ہانی علی العمیری نے کہا کہ سعودی وزارت حج، عمرہ کے منظور شدہ پورٹلز کے تحت آن لائن بکنگ ہوسکے گی۔