افریقی یونین میں اسرائیلی شمولیت پر الجزائر کا احتجاج

273

 

الجزائر سٹی (انٹرنیشنل ڈیسک) الجزائرکا کہنا ہے کہ افریقی یونین میں اسرائیل کی شمولیت سے الجزائر کا فلسطین سے متعلق موقف تبدیل نہیں ہوگا۔ الجزائر کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے تنظیم کے تمام رکن ممالک سے مشورہ نہیں کیا گیا۔ا وزارت خارجہ کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل کی افریقی یونین میں شمولیت کا فیصلہ افریقی ہائی کمیشن کا فیصلہ نہیں۔ اسرائیل کو افریقی یونین میں شامل کرنے سے صہیونی ریاست کے ناپسندیدہ طرز عمل اور اس کی غیرقانونی سرگرمیوں پر خاموشی نہیں برتی جائے گی۔خیال رہے کہ اسرائیل نے حال ہی میں اعلان کیا تھا کہ اس نے افریقی یونین میں مبصر رکن کا درجہ حاصل کرلیا ہے۔اسرائیل کا کہنا ہے کہ افریقی یونین میں مبصر رکن کا درجہ حاصل کرنے کا مقصد اسرائیل کے سفارتی دائرے کو مزید وسعت دینا ہے۔اسرائیلی وزیر خارجہ یائرلیپید نے ایک بیان میں کہا تھا کہ تل ابیب نے افریقا کے 46 ممالک کے ساتھ اپنے سفارتی تعلقات قائم کرلیے ہیں۔ دوسری جانب افریقی ملک مراکش کے دفاع حقوق فلسطین اور انسداد صہیونیت نوازی محاذ نے ملک میں سیاحت کی آڑ میں صہیونیوں کی یلغار کی شدید مذمت کی ہے۔دفاع فلسطین محاذ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ رواں موسم گرما میں صہیونیوں کی طرف سے غیرمعمولی سیاحتی یلغار کا امکان ہے۔ محاذ اسرائیل کے ساتھ دوستی اور صہیونیوں کے ساتھ کسی بھی قسم کے تعلقات کی مذمت کرتے ہوئے اسے مسترد کرتا ہے۔دفاع فلسطین محاذ کی طرف سے سوشل میڈیا بالخصوص ٹوئٹر پراسرائیلی سیاحتی یلغار روکنے کے لیے مہم شروع کی گئی ہے۔یہ مہم 24سے 30 جولائی تک جاری رہے گی۔