لداخ کے متنازع علاقوں میں چینی خیمے نصب

152

نئی دہلی (انٹرنیشنل ڈیسک) بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ مشرقی لداخ کے ڈیم چوک علاقے میں چین نے مختلف مقامات پر خیمے نصب کردیے ہیں۔ اس علاقے میں کشیدگی ختم کرنے کے لیے فریقین میں کئی ماہ سے بات چیت تک نہیں ہوئی ہے۔بھارت میں بعض اعلیٰ حکام نے انکشاف کیا ہے کہ مشرقی لداخ کے ڈیم چوک علاقے میں چارڈنگ نالے کے آس پاس چین نے مبینہ ان علاقوں میں اپنے خیمے نصب کر لیے ہیں، جو کچھ وقت پہلے تک بھارت کے قبضے میں ہوا کرتے تھے۔ معروف انگریزی اخبار دی انڈین ایکسپریس نے بغیر نام لیے بعض اعلیٰ حکومتی افسروں کے حوالے سے لکھا ہے کہ ان خیموں میں بعض نام نہاد عام شہری قبضہ کیے بیٹھے ہیں۔ بھارت نے کئی بار چین سے ان علاقوں کو خالی کرنے کو کہا ہے، تاہم ان کی مستقل موجودگی برقرار ہے۔ 1990ء میں بھارت اور چین کے درمیان جب سرحدی علاقوں سے متعلق جوائنٹ ورکنگ گروپ تشکیل دیا گیا تھا، اس وقت بھی فریقین نے ڈیم چوک اور ٹرگ چوٹیوں کو متنازع علاقہ قرار دیا تھا۔ تاہم جس علاقے میں اس وقت چینی خیمے نصب ہیں، اس پر پہلے بھارت کا قبضہ تھا۔گزشتہ برس کی کشیدگی کے بعد سے بات چیت کے 11 دور ہوچکے ہیں، تاہم وہ ناکام رہے ہیں۔