صہیونی ریاست کے بائیکاٹ سے متعلق سرگرمیوں میں اضافہ

110

 

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) اسرائیل مخالف اتحاد ’’بی ڈی ایس‘‘ ایک اسرائیلی تجارتی جہاز کے امریکی ریاست نیوجرسی کی بندرگاہ پر لنگر انداز ہونے کے خلاف سخت احتجاج کیا۔ خبررساں اداروں کے مطابق اسرائیلی کمپنی کے زیرانتظام کوینگداؤ نامی جہاز کو سامان اتارنے سے روکنے کے لیے مظاہرین کی جانب سے مزاحمت کی گئی۔ اتحادی رہنماؤں نے اپنے بیان میں کہا کہ کینیڈا میں قائم اتحاد نے ’امیر رابرٹ‘ بندرگاہ پرجہاز کو خالی کرنے کے خلاف احتجاج کیا گیا تھا، جس کے بعد جہاز وہاں پر سامان اتارنے کے بجائے امریکا کی ایک بندرگاہ پر پہنچ گیا۔ بیان میں کہا گیا کہ اتحاد نے اسرائیلی کمپنی کے مال بردار جہاز کا جنوبی افریقا میں بھی پیچھا کیا تھااور وہاں بھی اسے لنگرانداز ہونے سے روکنے میں کامیابی ملی تھی۔ دوسری جانب امریکی کمپنی کی جانب سے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں مصنوعات کی فروخت معطل کرنے کے فیصلے کے حق میں تحریک شروع ہوگئی۔ انسانی حقوق کے کارکنوں نے امریکی آئس کریم کمپنی’بن اینڈ جیری‘ کی حمایت میں کئی سرگرمیوں کا انعقاد کیا ہے۔ اس سلسلے میں سوشل میڈیا پر سماجی کارکنوں نے کمپنی کی حمایت میں مہم شروع کی ہے،جس میں امریکی عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ مقبوضہ عرب علاقوں میں مصنوعات کا بائیکاٹ کرنے والی کمپنی کی حمایت کریں اوراسرائیلی ریاست کا بائیکاٹ کرنے میں مدد کریں۔ ادھر امریکی شہروں شکاگو، نیویارک اور دیگر مقامات پر کمپنی کی حمایت میں ریلیاں بھی نکالی گئیں۔