بھارتی پارلیمان میں گرما گرمی کم نہ ہوئی‘ اجلاس پھر ملتوی

217
نئی دہلی: ارکان نے راجیہ سبھا میں چیئرپرسن کی نشست کا گھیراؤ رکھا ہے

نئی دہلی (انٹرنیشنل ڈیسک) بھارتی پارلیمان میں حکومت اور اپوزیشن کے درمیان گرما گرمی کے باعث کارروائی کو چھٹی بار ملتوی کردیا گیا۔ خبررساں اداروں کے مطابق پیر کے روز اجلاس کو جزوی طور پر 5بار ملتوی کیا گیا، جس کے باعث بالآخر اسے پورے دن کے لیے مؤخر کردیا گیا۔ مون سون کا اجلاس 19 جولائی سے شروع ہوا تھا، لیکن حزب اختلاف کے تابڑ توڑ سوالات کے باعث حکومت اپنے بل پیش کرنے میں ناکام رہی۔ پارلیمانی کارروائی کے آغاز میں حکومتی نمایندے ڈاکٹر اسمیت پاترا نے سمندری معاونت نیوی گیشن بل 2021 ء پر بحث کرنے کی کوشش کی، لیکن ترنمول کانگریس اور بائیں بازو کی جماعتوں نے اسپیکر کی نشست کے سامنے آکر نعرے بازی شروع کردی۔ اجلاس کے دوران اپوزیشن جماعتوں نے حکومت کی جانب سے اسرائیلی سافٹ ویئر کی مدد سے جاسوسی اور کسانوںکے حقوق پر سوال طلب کیا۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق ہنگانے کے دوران حکومتی نمایندوں نے فیکٹر ریگولیشن 2020 ء اور نیشنل انسٹیٹیوٹ آف فوڈ ٹیکنالوجی انٹرپرینیورشپ اینڈ مینجمنٹ بل 2021 ء کو منظور کرلیا۔