لندن پھر ڈوب گیا‘ اسپتالوں میں پانی داخل‘ مریض منتقل

404
لندن: سیلاب میں پھنسے شہری کو کشتی کے ذریعے نکالا جارہا ہے‘ میٹرو اسٹیشن میں پانی بھرا ہوا ہے

لندن (انٹرنیشنل ڈیسک) برطانوی دارالحکومت میں طوفانی بارش کے بعد ایک بار پھر سیلاب آگیا۔ خبررساں اداروں کے مطابق بارش کا پانی گھروں اورکاروباری مراکزمیں داخل ہونے سے نظام زندگی درہم برہم ہوگیا۔ سیلاب کے باعث لندن کے 2 بڑے اسپتال بری طرح متاثر ہوئے اور مریضوں کو ہنگامی طور پر متبادل مقامات پر منتقل کیا گیا۔ مشرقی لندن میں واقع وہپس کراس اور نیوہم اسپتالوں نے مزید مریضوں کے داخلے پر پابندی لگادی ہے۔ دونوں اسپتالوں نے مریضوں پر زور دیا کہ وہ فوری طور پر دیگر اسپتالوں کا رخ کریں۔ ٹوئٹر پر نیوہم اسپتال نے اپنے بیان میں کہا کہ انتظامات بگڑنے کے باعث طبی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔ وہپس کراس اسپتال نے بھی کہا کہ شدید بارش کی وجہ سے انتظامیہ کو مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق موسلا دھار بارش کے بعد سڑکوں، اسٹیشنوں اور گھروں میں پانی داخل ہوگیا ہے۔ لندن فائر بریگیڈ کے ترجمان نے بتایا کہ چند گھنٹے کے دوران 300 سے زیادہ امداد کی کالیں موصول ہوئی ہیں۔ بارش اور سیلاب کے باعث سڑکوں پر گاڑیاں پھنس گئیں اور حکومت کی جانب سے شہریوں کو سفر نہ کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ طوفان وجہ سے دارالحکومت کی بیشتر سڑکیں اور سرنگیں بند ہوگئیں اور شہری پھنس کر رہ گئے ہیں۔