منی لانڈرنگ‘200سے زائد قیمتی گاڑیاں عام افراد کے نام پرخریدی گئیں

235

کراچی(نمائندہ جسارت)نیب اسلام آباد نے200 سے زائد قیمتی گاڑےوں کی خرید و فروخت کی آڑ میں منی لانڈرنگ کی تحقیقات کا دائرہ کراچی تک پھیلا دیا۔ لینڈ کروزر اور پراڈو جیسی قیمتی گاڑیوں کے جدید ترین ماڈل کی خریداری عام افراد کے نام پر کی گئی تھی۔ باخبر ذرائع کا کہنا ہے نیب نے معاملے کی تحقیقات کے لیے نادرا کے ساتھ ایف آئی اے اور کراچی پولیس سے بھی مدد طلب کی ہے۔ یاد رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں منی لانڈرنگ کے پیسوں سے200 بے نامی گاڑیاں خریدنے کا انکشاف سامنے آیا تھا، جس کے بعد نیب راولپنڈی نے تحقیقات کا دائرہ وسیع کردیا تھا۔ گاڑیوں کی خریداری میں جعلی طریقے سے شناختی کارڈ استعمال کرنے کا بھی انکشاف ہوا۔ عام لوگوں کے ناموں پر منگوائی گئی گاڑیوں کو ڈرائی پورٹ لاہور پر روک دیا گیا، گاڑیوں میں لینڈ کروزراور پراڈو شامل ہیں، جن کی مالیت اربوں روپے بنتی ہے۔ گاڑیوں کی خریداری میں ملوث ایک بڑے نیٹ ورک کا سراغ ملا ہے جس کے تانے بانے کراچی، لاہور اور اسلام آباد کی بڑی شخصیات سے ملتے ہیں جن کے کسٹم کے بعض بدعنوان اور رشوت خور افسران سے گہرے روابط بتائے جاتے ہیں۔