کئی مقامات پر بوسیدہ ٹرانسفارمر ‘ پول اور تار تبدیل نہیں کیے گئے

118

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)لطیف آباد نمبر8 اکبری مسجد کے قریب ٹرانسفارمر پھٹنے کے نتیجے میں 7افراد کی ہلاکت اور ایک درجن سے زائد زخمی ہونے کے ہولناک واقعے کے باوجود کئی مقامات پر بوسیدہ ٹرانسفارمر ‘ پول اور تار تبدیل نہیںکیے گئے جس کے باعث شہریوں میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔ لطیف آباد نمبر11‘ امانی شاہ کالونی‘ مہر علی ہاوسنگ سوسائٹی‘ لطیف آباد نمبر8سمیت کئی علاقوں میں لوگ ٹرانسفارمر کی حالت پر حیسکو حکام کی توجہ دلاچکے ہیں جبکہ لطیف آباد نمبر5طوبی اسکول ہائی اسکول کے بالکل سامنے کئی سالوں سے بجلی کا پول جس سے گیارہ ہزار کی لائن گذر رہی ہے ٹوٹ کر لٹک رہا ہے جو کسی بھی حادثے کا باعث بن سکتا ہے، اسکول انتظامیہ کی جانب حیسکو کو تین مرتبہ درخواست دینے باوجود درست نہیں ہوا اس کے قریب ہی چائے کا ہوٹل واقع ہے جبکہ مکرانی پاڑے کے مکینوں کا کہنا ہے کہ عابد ہوٹل کے قریب لگاٹرانسفارمر انتہائی بوسیدہ ہے تین مرتبہ علاقہ مکین اس کی مرمت اپنے خرچ پر کراچکے ہیں جبکہ حیسکو کی جانب سے نیا ٹرانسفارمر منظور ہونے کے باوجود نہیں لگایاجارہا ۔انہوں نے متنبہ کیا ہے کہ اگر سانحہ اکبری مسجد جیسا کوئی سانحہ رونما ہوا تو اس کی ذمہ دار حیسکو انتظامیہ ہوگی۔