اولمپکس کا میلہ جاری، بھارت کو ہاکی میں آسٹریلیا کے ہاتھوں عبرتناک شکست

203

ٹوکیو(سید وزیر علی قادری): اولمپک براڈکاسٹنگ سروسز کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر زیانس ایگزرکوس نے دعویٰ کیا ہے کہ ٹوکیو گیمز کی افتتاحی تقریب کو جاپان میں 7 کروڑ افراد نے براہ راست دیکھا اور یہ گذشتہ 10سال میں سب سے زیادہ دیکھی گئی تقریب تھی۔

ٹوکیو اولمپکس میں میزبان جاپان کے ایتھلیٹس چھائے رہے، جاپان نے مزید 4ٹائٹل جیت کر طلائی تمغوں کی تعداد 5کرلی،چین نے مجموعی طور پر 6گولڈ، ایک سلور اور 4برانز لیکر میڈلز ٹیبل پر پہلی پوزیشن برقرار رکھی۔

امریکا نے 4گولڈ، 2سلور اور 4برانز میڈلز لیکر تیسری پوزیشن پر قبضہ جمایا، جنوبی کوریا نے 2طلائی اور 3کانسی کے میڈلز کے ساتھ چوتھی پوزیشن اپنے نام کررکھی ہے۔

ٹوکیو گیمز کا دوسرا دن مجموعی طور پر جاپانی ایتھلیٹ کے نام رہا، اسکیٹ بورڈنگ میں جاپانی ایتھلیٹ یوٹو ہوریگوم نے طلائی تمغہ ملک کے لیے حاصل کیا، جوڈو میں جاپانی بھائی اور بہن نے گولڈ میڈلز جیت کر تاریخ رقم کردی، میزبان کھلاڑی یوٹا ایبے نے ویمنز 52 کے جی میں گولڈ میڈل جیت لیا۔

اس سے چند گھنٹے قبل ان کی بھائی ہیفیومی نے مینز 66 کے جی میں طلائی تمغہ حاصل کیا، ان دونوں نے ایک ہی اولمپکس میں ٹائٹلز جیت کر تاریخ رقم کی، وہ یہ کارنامہ انجام دینے والے پہلے سگے بھائی بہن بنے.تیونس کے سوئمر نے سپرپاورز کو حیران کردیا۔

18سالہ احمد حفانوئی نے 400میٹر فری اسٹائل سوئمنگ میں سب کو پیچھے چھوڑ دیا،آسٹریلیا کے جیک میک لوگلن نے سلور جبکہ امریکی سوئمر کیرین اسمتھ نے برانز میڈل پر اکتفا کیا۔

برطانیہ کے بریڈلے سینڈن سلور اور چین کے شوئی زا نے برانز میڈل پایا.فینسنگ ( شمشیر زنی ) ویمنز فوائل انفرادی ایونٹ میں امریکا کی لی کائیفر نے سونے، اینا ڈیریگلیزووا نے چاندی اور لاریسا نے کانسی کا تمغہ جیتا۔

ویٹ لفٹنگ 67 کے جی میں چین کے چین لوجین نے پہلی، موسکیورا نے دوسری جبکہ میرکو زینی نے تیسری پوزیشن پر اختتام کیا. ویمنز 57 کے جی تائیکوانڈو میں امریکا کی اناستاسیجا زولوٹک نے میدان مارلیا۔

بھارتی ہاکی ٹیم ٹوکیو اولمپکس کے دوسرے دن آسٹریلیا سے ایک کے مقابلے میں 7گول سے ہار گئی جبکہ میچ کے بعد سوشل میڈیا پر شائقین اور ناقدین نے ٹیم کی کارکردگی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

ٹوکیو اولمپکس میں بھارتی ہاکی ٹیم نے گولڈ میڈل کی جانب اپنا سفر ہفتے کو شاندار انداز میں شروع کیا تھا جب اس نے نیوزی لینڈ کو اپنے افتتاحی میچ میں تین دو سے زیر کیا لیکن اگلے ہی دن ان کے اولمپک پوڈیم پر کھڑے ہونے کا خواب چکنا چور ہوگیا۔

بھارتی ہاکی ٹیم کو دنیا کی ٹاپ ٹیموں میں سے ایک آسٹریلیا کے خلاف اپنے دوسرے میچ میں 7 ایک سے شکست کی ہزیمت اٹھانی پڑی، جب سے گراہم ریڈ کوچ بنے ہیں یہ بھارت کی سب سے بڑے مارجن سے شکست ہے۔