کشمیریوں نے مودی کے رشتہ داروں کو باہر پھینک دیا، فردوس عاشق

148

لاہور: معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر کے الیکشن میں قوم کو گروپوں میں بانٹنے والا سیاسی چورن بیچنے والوں کا بیانیہ ناکام ہو گیا، کشمیریوں نے مودی کے رشتہ داروں کو باہر پھینک دیا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مریم نواز اور شاہی خاندان کے درباری و حواریوں نے کشمیر کی وادیوں میں نفرت کے بیج بوئے، دو حلقوں سے موجودہ وزیر اعظم الیکشن لڑ رہاتھا اور تمام سرکاری وسائل کو انتخابی مہم میں استعمال کررہا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم آزاد جموں کشمیر جب سرکاری گاڑیوں سے خود نمائندہ کے طورپرمہم چلا رہا ہو تو دھاندلی کیسے ہوگئی،کشمیر میں ہمارا کوئی اہلکار تعینات نہیں اورپریزائیڈنگ آفیسر سے لے کر پولنگ کا تمام اسٹاف آزاد کشمیر کی موجودہ حکومت کے پے رول پہ تھا تو وفاقی حکومت الیکشن کیسے چوری کر سکتی ہے۔

معاون خصوصی نے کہاکہ شاہی خاندان کا ذاتی ملازم عطا تارڑ نوٹ لے کر پھرتا رہا جب گوجرانوالہ میں اپنا سکہ جمانے کی کوشش کی تو قانون نے اسے گرفت میں لے لیا۔ گوجرانوالہ سے ن لیگ کا سنپولیہ بھارت کو مدعو کرنے کی بات کر رہاتھا جو ان کی اصل کہانی و سوچ کی عکاسی کرتا ہے۔