حافظ نعیم کا کھالیں الخدمت کو دینے پراہل کراچی سے اظہار تشکر

158

کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے عید الاضحی میں جماعت اسلامی اور الخدمت کو قربانی کی کھالیں دینے پر اہل کراچی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ گزشتہ سال کی نسبت رواں سال کھالوں میں بڑی تعداد میں اضافہ کراچی کے عوام کا جماعت اسلامی اور الخدمت پر اعتماد کا مظہر ہے ،ہر سال کی طرح امسال بھی کراچی کے عوام نے جماعت اسلامی اور الخدمت کے تحت اجتماعی قربانی میں بڑی تعداد میں حصہ لیا اور اس سال بھی شہر بھر میں الخدمت کے تحت بڑے پیمانے پر اجتماعی قربانی کی گئی، جماعت اسلامی اور الخدمت کے رضاکار بھی خراج تحسین کے مستحق ہیں جنہوں نے عید الاضحی کے تینوں روز کھالیں جمع کیں ،کراچی کے شہریوں نے بڑی تعداد میں الخدمت کو کھالیں عطیہ کیں۔ جس پر ہم عوام سے اظہار تشکر کرتے ہیں۔ جماعت اور الخدمت قربانی کی کھالوں اور دیگر عطیات سے حاصل ہونے والی رقم سے ہی غریب اور نادار لوگوں کی مدد اور خدمت کرتی ہے۔جماعت اسلامی کی پوری ٹیم، تنظیمی نیٹ ورک اور کارکنان و ذمہ داران ہر سال عید الاضحیٰ کے تینوں دن اپنی ذاتی اور ضروری مصروفیات ترک کرکے مہم چرم قربانی میں حصہ لیتے ہیں، غریبوں اور ضرورت مندوں کا سہارا بننے، دوسروں کی مدد کرنے ،خوشیاں بانٹنے اور غم سمیٹنے کے لیے الخدمت کے تحت جاری سرگرمیوں اور کوششوں کا حصہ بنتے ہیں، جس پر وہ خراج تحسین کے مستحق ہیں۔