کندھکوٹ، بخشاپور میں پائوں پھسلنے سے بچی گولاٹو نہر میں ڈوب گئی

201

کندھکوٹ (نمائندہ جسارت) بخشاپور کے گائوں ظفرخان ڈومکی میں پائوں پھسلنے سے بچی گولاٹو نہر میں ڈوب گئی جس کی لاش دوگھنٹے بعد نکال لی گئی۔ بچی کی شناخت خوشبو گولاٹو کے نام سے ہوئی دوسری جانب ایک روز قبل صوبائی وزیر میر شبیرعلی خان بجارانی کے گائوں کرمپورکے قریب بیگاری کینال میں ڈوب جانے والے دس سالہ وکرم بالانیو ولد چودھری انجینئر لال کی لاش نہیں مل سکی، شہرکے ہندو اور مسلمانوں نے خیمہ لگا کر کیمپ قائم کرلیا۔ سکھر سے ریسکیو عملے کومنگوایا گیا ہے تاہم بیس گھنٹے گزرنے کے باوجود بچے کی لاش نہیں مل سکی۔ ڈھرکی کے علاقے رھڑکی دربار سے واپسی پر کشمورکے محنت کش نوجوان سرون کمار کو نامعلوم مسلح افراد ہائی ایس سے گڈو کے مقام پر اتار کرکے لے گئے۔ مغوی کے ورثا کا کہنا تھا کہ ایس ایس پی کشمور ایٹ کندھکوٹ امجداحمد شیخ کو اطلاع دی ہے تاہم ابھی تک کوئی بھی مقدمہ درج نہیں ہوسکا اور نہ ہی مغوی کا پتا لگ سکا ہے، حکام بالا اعلیٰ ہماری مدد کریں۔ کندھکوٹ میں چوری کی وارداتیں تھم نہ سکیں، عید سے اب تک پانچ روز میں پانچ شہری موٹرسائیکلوں سے محروم ہوگئے۔ سندھ بار کونسل کے ممبر عبدالغنی بجارانی، دو ہندو تاجروں اور گل حسن میرانی موٹر سائیکلوں سے محروم ہوگئے، تھانوں میں پرچوں کے بجائے این سی درج کیے جانا معمول بن گیا، شہرکے معززین نیک محمد خان سہریانی، آغا عبدالفتح پٹھان، دلمراد ڈاہانی کا کہنا تھا کہ تھانوں پر ریٹ فکس ہوگیا ہے۔ عوام کے جان ومال کاکوئی پرسان حال نہیں، موٹر سائیکل چوری ہونے کے بعدکچھ وقت کے بعد موٹر سائیکل کی نصف رقم دی جاتی ہے جو کہ کوئی چور لفنگا پکڑنے کے بعد اس سے ملنے والی رقم سے حصے کرکے متاثرین کو دیا جانا معمول بنا ہوا ہے۔