ریاض کے صحافیوں کے اعزاز میں عید ملن پارٹی کا انعقاد

483

پاکستان پیپلز پارٹی (ریاض ریجن) کے سیکرٹری اطلاعات ونشریات شریف بلوچ بھٹو کی جانب سے ریاض کے صحافیوں کے اعزاز میں عید ملن پارٹی کا انعقاد کیا گیا، جس میں صحافیوں اور دیگر کمیونٹی کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ میزبان نے عید الاضحی کے موقع پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ عید ملن تقریب سے دراصل دیار غیر میں پاکستانی کمیونٹی کو جہاں مل بیٹھنے کا موقع ملتا ہے، وہیں پاکستانی ثقافت و تہذیب کو بھی فروغ ملتا ہے۔ شریف بلوچ بھٹو نے کمیونٹی کی بے لوث خدمت کرنے پر تمام صحافیوں کی کوششوں کو سراہتے ہوئے خراج تحسین پیش کیا۔ پاک یونائیٹڈ میڈیا فورم سعودی عرب کے مرکزی چیئرمین عابد شمعون چاند نے اس موقع پر کہا کہ عید ملن پر دوستوں عزیزوں کا اکٹھا ہونا اور خوشیوں کے خوبصورت اور یاد گار لمحات کو اجتماعی طور پر گزارنے سے بھائی چارہ اخوت اپنائیت کا جذبہ پروان چڑھتا ہے۔ یونائیٹڈ میڈیا فورم کے صدر امتیاز احمد کا کہنا تھا کہ یہاں یہ بات قابل ستائش ہے کہ پاکستانی کمیونٹی دنیا کے جس کونے میں بھی آباد ہے اس نے پاکستانی ثقافت، تہذیب اور ادب کو زندہ رکھا ہوا ہے، جس پر ہمیں فخر ہے۔ تقریب سے پاک یونائیٹڈ میڈیا فورم سعودی عرب کے مرکزی صدر وسیم خان، جنرل سیکرٹری ناظم علی عطاری، میاں طارق جنید، ملک بابر علی، قریب اللہ خان اور دیگر نے میزبان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔