قال اللہ تعالیٰ و قال رسول اللہ ﷺ

219

 

اب اگر کوئی چال تم چل سکتے ہو تو میرے مقابلہ میں چل دیکھو۔ تباہی ہے اْس دن جھٹلانے والوں کے لیے۔ متقی لوگ آج سایوں اور چشموں میں ہیں۔ اور جو پھل وہ چاہیں (اْن کے لیے حاضر ہیں)۔ کھاؤ اور پیو مزے سے اپنے اْن اعمال کے صلے میں جو تم کرتے رہے ہو۔ ہم نیک لوگوں کو ایسی ہی جزا دیتے ہیں۔ تباہی ہے اْس روز جھٹلانے والوں کے لیے۔ کھا لو اور مزے کر لو تھوڑے دن حقیقت میں تم لوگ مجرم ہو۔ تباہی ہے اْس روز جھٹلانے والوں کے لیے۔جب اِن سے کہا جاتا ہے کہ (اللہ کے آگے) جھکو تو نہیں جھکتے۔ تباہی ہے اْس روز جھٹلانے والوں کے لیے۔ اب اِس (قرآن) کے بعد اور کونسا کلام ایسا ہو سکتا ہے جس پر یہ ایمان لائیں؟۔(سورۃ المرسلات:39تا50)

سیدنا ابوہریرہ ؓ سے روایت کرتے ہیں کہ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ارشاد فرمایا ہے کہ عورتوں کے ساتھ اچھا برتاؤ کرو کیوںکہ عورت پسلی سے پیدا ہوئی ہے اور پسلی میں سب سے زیادہ کجی اس کے اوپر والے حصہ میں ہوتی ہے اگر تم اسے سیدھا کرنا چاہو گے تو وہ ٹوٹ جائے گی اور اگر چھوڑ دو گے تو ٹیڑھی رہے گی لہٰذا تم عورتوں کے ساتھ اچھا برتاؤ کرو۔ (بخاری) ………………سیدنا ابوموسیٰ اشعری سے روایت کرتے ہیں انہوں نے بیان کیا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا کہ کوئی شخص تکلیف دہ بات سن کر اللہ سے زیادہ صبر کرنے والا نہیں ہے، کہ لوگ اس کے لیے اولاد کا دعویٰ کرتے ہیں پھر وہ ان کو عافیت دیتا ہے اور رزق عطا کرتا ہے۔ (صحیح بخاری)