میرپور خاص، انٹر امتحانات میں نقل کے لیے واٹس اپ گروپ تشکیل

151

میرپورخاص (نمائندہ جسارت) تعلیمی بورڈ میرپورخاص کے تحت گیارہویں اور بارہویں جماعت کے سالانہ پیپر ز کے دوران نقل کروانے کے لیے نقل مافیا کی جانب سے اس سال بھی واٹس اپ گروپ تشکیل دیے جانے لگے، ان گروپس کی ممبر شپ کے لیے فی کس پانچ ہزار روپے لیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ تعلیمی بورڈ میرپورخاص کی جانب سے قانونی کارروائی عمل میں لانے کا عندیہ۔ تعلیمی بورڈ کے ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ 26جولائی سے شروع ہونے والے گیارہویں اور بارہویں جماعت کے سالانہ امتحانات میں بڑے پیمانے پر نقل کروانے کے لیے نقل مافیا نے اپنا ایک واٹس گروپ تشکیل دیا ہے جس کا انکشاف پیپرز شروع ہونے سے قبل ہوا ہے، اس گروپ کا ممبر بننے کے لیے پانچ ہزار روپے فیس مقرر کی گئی ہے تعلیمی بورڈ ذرائع کے مطابق مذکورہ گروپ ایک سازش کے تحت امتحانا ت میں نقل کروانے کے لیے بنا یا گیا ہے تاکہ تعلیمی بورڈ میرپورخاص کو بدنام کیا جاسکے۔ ذرائع سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ تعلیمی بورڈ اس حوالے سے نقل مافیا کیخلاف جلد سخت قانونی کارروائی کرے گا تاکہ امتحانات میں نقل کے رجحان کو ختم کیا جاسکے۔