حیسکو انتظامیہ کی غفلت سے قیمتی جانوں کا نقصان ہوا، عبدالجبار خان

120

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی عبدالجبار خان نے لطیف آباد یونٹ نمبر 8 اکبری گراؤنڈکے ساتھ لگے ٹرانسفارمر کے پھٹ جانے کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے نقصان پر افسوس کااظہار کرتے ہوئے جاں بحق اور زخمی ہونے والے افرا دکے ورثاء سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ عبدالجبار خان واقعے کے بعد رات گئے تک متاثرہ افراد کے ساتھ رہے اور ان کے ساتھ ہرممکن تعاون کیا۔ عبدالجبار خان نے اس واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حیسکو انتظامیہ کی غفلت اور لاپرواہی کے نتیجے میں اس قدر قیمتی جانوں کا نقصان ہوا اس سے قبل بھی ملت آباد میں اس طرح کے واقعے میں قیمتی جانی نقصان ہوا تھا لیکن حیسکو کی ا نتظامیہ بے حس ہوچکی ہے اسے نہ شہریوں کی مشکلات کا احساس ہے اور نہ ہی وہ شہریوں کی جان و مال اور املاک کے تحفظ کو یقینی بناسکے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ عید پر حیسکو کے اعلیٰ حکام نے واضح اعلان کیا تھا کہ تین روز تک بجلی بند نہیں کی جائیگی لیکن حیدرآباد سٹی، لطیف آباد اور قاسم آباد کے بیشتر علاقوں میں عید پر بھی بجلی کی بندش رہی۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کے بیشتر ٹرانسفارمر یا تو خراب ہیں یا انہیں عارضی مرمت کرکے چلایا جارہا ہے جو بار بار پھٹتے ہیں اور ان سے نکلنے والا تیل سے شہری جھلس کر زخمی ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کی حکومت تین سال کی مد میں بھی بجلی کے مسئلے کو حل نہیں کرپائی ہے۔ آج صورتحال پچھلے ادوار سے زیادہ بری ہے۔