لاڑکانہ، عیدالاضحی مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی گئی

88

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) ملک کے دیگر شہروں کی طرح لاڑکانہ میں بھی عیدالاضحی مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی گئی، عیدالاضحی کے موقع پر لاڑکانہ شہر اور گردونواح میں عیدگاہوں، مساجد، امام بارگاہوں اور دیگر کھلے مقامات پر ڈیڑھ سو سے زائد چھوٹے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے جہاں عید نماز ادا کرکے کورونا وائرس کے خاتمے اور ملکی سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں، عید نماز کے دوران لاڑکانہ پولیس کی جانب سے ضلع بھر میں سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کرتے ہوئے 2 ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکاروں کو تعینات کیا گیا، شہریوں کی جانب سے سنت ابراہیمی پر عمل کرکے مختلف جانوروں کی قربانی کرنے کے بعد گوشت اہلہ محلہ اور مستحقین میں تقسیم کیا گیا تاہم جانوروں کے ذبع ہونے کے بعد آلائشیں شہری علاقوں سے دور لے جانے کے لیے ضلعی و میونسپل انتظامیہ کی جانب سے کوئی بھی خاطر خواہ انتظامات نہیں کیے گئے جس کے باعث شہر کے مختلف علائقوں میں آلائشیں پڑے رہنے سے تعفن پھیل گیا اور بدبو کے باعث شہریوں کو آنے جانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، دوسری جانب سیپکو کی جانب سے عید کے تینوں روز بجلی کی طویل غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا بھی سلسلہ جاری رہا جس کے باعث عید کی خوشیاں ماند پڑگئیں جبکہ شہری سخت گرمی میں بلبلا اٹھے، کورونا وبا کے باعث ضلعی و میونسپل انتظامیہ کی جانب سے شہر کے پبلک پارکس کو بند رکھا گیا جس کے باعث بچے عید کے دنوں تفریح سے بھی محروم رہے۔