لاڑکانہ سینٹرل جیل منشیات کا گڑھ بن گیا، جیل کے اندر قیدیوں کی عیاشیاں

101

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) لاڑکانہ سینٹرل جیل منشیات کا گڑھ بن گیا، قیدیوں کی عیدالاضحیٰ کے موقع پر جیل کے اندر شراب پینے کی ویڈیو وائرل ہوگئی جس میں قیدی شراب پی کر انچارج جیل سپرنٹنڈنٹ اشفاق کلوڑ کی تعریف کرتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں جبکہ ایسی ویڈیو وائرل ہونے کا متعلقہ حکام نے تاحال کوئی نوٹس نہیں لیا جس کے باعث لاڑکانہ کے سیاسی اور سماجی رہنماؤں میں سخت تشویش پائی جاتی ہے جنہوں نے جیل کے اندر شراب پینے والے قیدیوں اور اس کے ذمے داران کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ واضح رہے کہ لاڑکانہ سینٹرل جیل میں گزشتہ کئی روز سے جیل سپرنٹنڈنٹ کی تعیناتی نہ ہوسکی جبکہ متعدد بار قیدیوں کی جانب سے احتجاجی مظاہرے بھی کیے گئے۔ ذرائع کے مطابق جیل اندر منشیات اور ممنوعہ اشیائے پہنچانے کے لیے ہزاروں روپیوں کی رشوت لی جاتی ہے عیدالاضحیٰ کے موقع پر لاڑکانہ سینٹرل جیل میں ممنوعہ اشیائے پہنچانے کے عوض 6 سے 8 لاکھ روپے بٹورے گئے ہیں۔