داسو واقعے میں ہلاکت 9 چینی انجینئرز کی لاشیں وطن روانہ

115

اسلام آباد (آن لائن،مانیٹرنگ ڈیسک) داسو بس حادثہ میں جاں بحق 9 چینی انجینئرز کی میتیں چین روانہ کر دی گئیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ میتیں وزیر داخلہ شیخ رشید احمد اور چینی سفیر نونگ رونگ نے اسلام آباد ائر پورٹ سے روانہ کی ہیں ۔ چینی ورکرز کی میتیں چینی ائر لائن کے خصوصی طیارے کے ذریعے چین روانہ کی گئیں۔وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے بس حادثہ پر چینی سفیر سے تعزیت کااظہار بھی کیا۔ 14 جولائی کو منصوبے پر کام کرنے والے چینی ماہرین، مقامی مزدور اور ایف سی اہلکار داسو ڈیم کی سائٹ جارہے تھے کہ ان کی بس خوفناک دھماکے سے دریا میں جاگری جس کے نتیجے میں بس میں سوار 9 چینی انجینئرز، دو ایف سی اہلکار اور لیبر سمیت 13 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے جنہیں قریبی ہسپتالوں میں منتقل کردیاگیا۔ابتدا میں وزارت خارجہ نے واقعہ کو حادثہ قرار دیا تاہم بعدازاں وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے بارودی مواد کے شواہد منظر عام پر آنے اور دہشت گردی یا تخریب کے عنصر کے حوالے سے ٹویٹ کیا۔واقعہ کی اعلی سطح کی تحقیقات جاری ہیں۔ جمعہ کی صبح ہلاک 9 چینی انجینئرز کی تابوتوں میں بند ڈیڈ باڈیز کو چین بھجوانے کے لیے نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ائرپورٹ پہنچایا گیا جہاں انھیں کارگو ٹرمینل میں رکھاگیا ہے۔ ڈیڈ باڈیز کو دوپہر 2 تین بجے پرواز نمبر GHT CA -42 کے ذریعے چین روانہ کیا گیا۔