حیسکو انتظامیہ پر دہشت گردی کا مقدمہ درج کیاجائے،جماعت اسلامی

152

حیدرآباد(نمائندہ جسارت) ڈپٹی جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی سندھ حافظ طاہر مجید، امیر جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد عقیل احمد خان ، نائب امیر عبدالقیوم شیخ او ر ڈپٹی جنرل سیکرٹری حیدرآباد عبدالباسط خان نے لطیف آباد نمبر8ٹرانسفارمر پھٹنے سے جاں بحق ہونے والے افراد کی نماز جنازہ میں شرکت کی اور ٹرانسفارمر پھٹنے سے 5 افراد کی ہلاکت اور کئی افراد کے جھلس جانے کے سنگین واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد عقیل احمد خان نے کہا کہ حیسکو انتظامیہ پر دہشتگردی کی دفعات شامل کی جائیں،آمدنی سے زائد اثاثے رکھنے والوں کی نیب انکوائری کرائی جائے اور خراب ٹرانسفارمر لگانے والے کرپٹ ملازمین کو برطرف اور گرفتار کیا جائے ،جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ کو معاوضہ دیا جائے اور زخمیوں کا علاج کرایا جائے۔ نائب امیر جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد عبدالقیوم شیخ کا لطیف آباد نمبر8اکبری مسجد کے قریب ٹرانسفارمر پھٹنے کے سانحہ پر حیسکو چیف سے ٹیلیفون رابطہ کیا واقع میں کی تحقیقات اور لاپروائی برتنے والے ملازمین کو برطرف کرنے کا مطالبہ۔ عقیل احمد خان کہا کہ جو ٹرانسفارمر دھماکے سے پھٹا ہے اس کی جگہ نیا ٹرانسفارمر پہلے ہی منظور ہو چکا تھا مگر کرپٹ عملے نے پرانا ٹرانسفارمر لگایا جس کی وجہ سے یہ افسوسناک سانحہ ہوا ۔ٹرانسفارمر پھٹنا حیدرآباد شہر میں روز کا معمول بن گیا ہے حیسکو ایک ناکام ادارہ بن چکا ہے حیسکو کا سارا سسٹم بوسیدہ ہوچکا ہے حیسکو میں کرپشن عروج پر ہے حالیہ ہونے والے حادثے کی تمام ذمہ داری حیسکو کے نااہل افسران کی ہے ۔حیدرآباد میں ٹرانسفارمر پھٹنے اور بجلی کے تاروں میں شارٹ سرکٹ جیسے واقعات معمول بن چکے ہیں لیکن کوئی اس کی ذمہ داری لینے کو تیار نہیں۔انھوں نے مطالبہ کیا کہ جاں بحق ہونے والے اہل خانہ کومعاوضہ اور زخمیوں کا علاج کرایا جائے اور حیدرآباد شہر سے اعلانیہ و غیر اعلانیہ لوشیڈنگ ختم کی جائے۔ انھوں نے سوگوار اہل خانہ سے اظہار تعزیت کی اور جھلس کر زخمی ہونے والوں کے لیے جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔