بھارتی وزیر کے بیان پر مریم کی خاموشی معنی خیز ہے، فرخ حبیب

166

فیصل آباد (آئی این پی) وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی بھارت کے حواریوں کو بے نقاب کرتی رہے گی کسی کا پرائیویٹ ڈیٹا ہیک کرنے کے پیچھے چھپے ناپاک عزائم کو آسانی سے ہضم نہیں ہونے دیا جا ئے گا، بھارتی وزیر خارجہ کے بیان پر نواز شریف، مریم صفدر کی خاموشی معنی خیز ہے۔ نماز عیدالاضحی کی ادائیگی کے بعد میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ افغان سفیر کی بیٹی کے اغوا کے مشکوک واقعے کی تحقیقات تمام اہم ملکی حساس ادارے کر رہے ہیں وقوعہ کا سرزد ہونا ابھی مکمل ثابت نہیں ہوا، اس کو بنیاد بنا کر ملک کو بدنام کرنا مریم صفدر کے ایجنڈے کی غمازی کرتا ہے جن کی ایک ایک بات اور چیز کیلکولیٹڈ ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام تر اوچھے ہتھکنڈوں کے باوجود 25 جولائی کو پی ٹی آئی کشمیر کے الیکشن میں شاندار کامیابی حاصل کرے گی اور وہاں بھی وزیراعظم پی ٹی آئی کا ہوگا۔