عارف علوی کا عید الاضحی پر پمز اسپتال ‘ یتیم خانہ دارالحساس کا دورہ

114

اسلام آباد (اے پی پی) صدر عارف علوی نے عید الاضحی کے موقع پر پمز اسپتال کا دورہ کیا،جہاں انہوں نے اسپتال میں انتظامات پر اظہارِ اطمینان کیا۔ بیگم ثمینہ عارف علوی بھی اس موقع پر ان کے ساتھ تھیں ۔ صدر مملکت کواسپتال کی انتظامیہ نے بریفنگ بھی دی۔ عارف علوی بچوں کے وارڈز میں گئے، عید کی مبارکباد دی،والدین سے ملاقات بھی کی۔ بعد ازاں دیگر مریضوں کی عیادت اور ان کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی۔ علاوہ ازیں صدر عارف علوی نے عید الاضحی کے پرمسرت موقع پر یتیم خانہ دارالحساس اسلام آباد کابھی دورہ کیا۔ اس موقع پرصدر مملکت نے کہا کہ معاشرے کے پسماندہ افراد کے احساس پر مبنی معاشرے کے قیام سے ہی ریاست مدینہ کے خواب کی تعبیر ممکن ہے، بچے جتنی محنت کریں گے، ملک ترقی کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملکی ترقی کے لیے بچوں کی تعلیم و صحت ناگزیر ہے۔ عارف علوی نے عید الاضحی کے موقع پر فیصل مسجد میں کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر اظہارِ برہمی کرتے ہوئے کہاکہ احتیاطی تدابیر کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔ صدر مملکت نے عیدالاضحی کے روز نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کے اصولی موقف کااعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغانوں کو اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنا چاہیے، جنگ زد ہ افغانستان میں پائیدار امن خطے میں ترقی و خوشحالی کے لیے انتہائی اہم ہے۔ افغانستان مشکل وقت سے گزر رہا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ افغانستان میں تمام فریق قومی ساز ی کے لیے مل کر کام کریں گے، افغانستان نے بڑی قربانیاں دی ہیں اور اب وہاں کے عوام کو امن و استحکام کی زیادہ ضرورت ہے۔