عارف نظامی کے انتقال پر صدر، وزیر اعظم، آرمی چیف و دیگر کی تعزیت

150

لاہور /اسلام آباد/راولپنڈی(نمائندہ جسارت +اے پی پی) نظامی خاندان کے چشم وچراغ صحافتی آسمان کے درخشندہ ستارے عارف نظامی انتقال کرگئے،بانی نوائے وقت حمید نظامی مرحوم کے صاحبزادے اور مجید نظامی مرحوم کے بھتیجے تھے،2 ہفتوں سے شدید علیل تھے۔ صدر مملکت ، وزیر اعظم، آرمی چیف،ائر چیف و دیگر شخصیات کا عارف نظامی کے انتقال پر تعزیت کا اظہار۔تفصیلات کے مطابق بانی ا نگریزی اخبار پاکستان ٹوڈے اور نوائے وقت گروپ کے بانی حمید نظامی مرحوم کے صاحبزادے،بابائے صحافت مجید نظامی مرحوم کے بھتیجے تھے، وہ لاہور کے مقامی اسپتال میں زیر علاج تھے ۔عارف نظامی نے خاندانی اختلافات کے باعث 2010ء میں انگریزی اخبار‘دی نیشن’کو خیر باد کہہ کر’’پاکستان ٹو ڈے‘‘ کی بنیاد رکھی تھی، جبکہ نوائے وقت اور نیشن کا نظم و نسق مجید نظامی مرحوم اور بعد ازاں ان کی لے پالک بیٹی رمیزہ نظامی کے سپردہو گیا،2013 ء میں عارف نظامی کو نگران وفاقی وزیر برائے اطلاعات و پوسٹل سروسز بنایا گیا ، 2015ء میں آپ نجی ٹی وی چینل ’’چینل 24‘‘ کے سی ای او بنے جہاں ایک پروگرام کی میزبانی بھی کرتے رہے، عارف نظامی پاکستان میں اخبارات کے مدیروں کی تنظیم سی پی این ای کے منتخب صدربھی تھے، وہ سانگلہ ہل کے ایک ایسے خاندان میں پیدا ہوئے جہاں صحافت ہی اوڑھنا بچھونا تھی، عارف نظامی کے والد حمید نظامی نے 23 مارچ 1940ء کو عین اس دن لاہور سے نوائے وقت کا پہلا پرچہ شائع کیا جب لاہور کے منٹو پارک میں قرارداد پاکستان پیش کی گئی، ان کے والد صرف 45 برس کی عمر میں انتقال کر گئے، مجید نظامی اپنا الگ اخبار ندائے ملت نکال چکے تھے، عارف نظامی کی والدہ نے نوائے وقت کی ادارت سنبھالی مگر کم سن بچوں کے ساتھ اخبار چلانے میں ناکام رہیں، چند ہی مہینوں میں نوائے وقت کی اشاعت بہت کم رہ گئی تھی، دیور بھابھی میں صلح کے بعد مجید نظامی روزنامہ نوائے وقت کے انتظامی اور ادارتی سربراہ ٹھہرے، بھتیجے عارف نظامی نے ایک عام رپورٹرکی حیثیت سے اخبار میں کام کرنا شروع کیا اور 1986ء میں اس دور کے پنجاب کے واحد نجی انگریزی اخبار ’دی نیشن‘ کی بنیاد رکھ دی، عارف نظامی کا شمار پاکستان کے صفحہ اول کے صحافیوں میں ہوتا تھا۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان نے سینئر صحافی عارف نظامی کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے اور مرحوم کی مغفرت اور بلندی درجات کے لیے دعاکرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی مرحوم کے اہل خانہ کو صبر جمیل عطا کرے۔ انہوں نے کہا کہ صحافت کے میدان میں عارف نظامی مرحوم کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ علاوہ ازیںڈی جی آئی ایس پی آر نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سینئر صحافی عارف نظامی کے انتقال پر دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی مرحوم کی مغفرت، درجات بلند اور جنت الفردوس میں جگہ دے اور غمزدہ خاندان کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی ہمت عطا فرمائے۔جبکہ پاک فضائیہ کے سربراہ ائر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے عارف نظامی کے انتقال پر دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔