کورونا سے بھارت میں 49 لاکھ ہلاکتوں کا انکشاف

109

واشنگٹن / نئی دہلی (انٹرنیشنل ڈیسک) سینٹر فار گلوبل ڈیویلپمنٹ ’’سی جی ڈیو‘‘ نے اپنی تازہ رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ بھارت میں کورونا وائرس سے ہونے والی اموات کی مجموعی تعداد 49 لاکھ یا اس سے بھی زیادہ ہوسکتی ہے۔ یہ تعداد سرکاری اعداد و شمار کے مقابلے میں 12 گنا سے بھی زیادہ ہے۔یہ رپورٹ واشنگٹن میں انسانی ترقی کے عالمی ترقیاتی ادارے سی جی ڈیو نے کئی بھارتی صحافیوں، غیر سرکاری تنظیموں اور طبّی ماہرین کے انفرادی تعاون سے مرتب کی ہے، جس میں کورونا وبا کے پھیلاؤ سے متعلق مودی سرکار کے فراہم کردہ اعداد و شمار کو ناقابل بھروسہ قرار دیا گیا ہے۔واضح رہے کہ بھارت کے اپنے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق وہاں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 4 لاکھ 14 ہزار کا ہندسہ عبور کرچکی ہے، جو امریکا اور برازیل کے بعد تیسری سب سے زیادہ تعداد ہے۔ تاہم بھارتی ڈاکٹر اور طبّی ماہرین گزشتہ کئی مہینوں سے خدشہ ظاہر کررہے ہیں کہ بھارت میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی اصل تعداد اس سے کئی گنا زیادہ ہوسکتی ہے۔ان کا مطالبہ ہے کہ مارچ 2020ء سے اب تک بھارت میں ہونے والی تمام اموات کا طبّی آڈٹ کرایا جائے، تاکہ ان اموات کی صحیح وجہ سامنے آسکے۔واضح رہے کہ بھارت میں صرف مئی 2021ء کے ایک مہینے میں سرکاری ذرائع سے کورونا وائرس سے ایک لاکھ 70 ہزار افراد کے مرنے کی تصدیق کی گئی تھی۔اس کے باوجود مودی سرکار اب تک طبّی آڈٹ سے انکار کررہی ہے، جس کے باعث سی جی ڈیو نے اپنے طور پر کام کرتے ہوئے اعداد و شمار جمع کیے ہیں۔ البتہ اس رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ ان اعداد و شمار کو محتاط اندازہ سمجھا جائے، جب کہ انہیں تب تک حتمی نہ سمجھا جائے کہ جب تک مستند ذرائع سے ان کی باقاعدہ تصدیق نہیں ہوجاتی۔