امریکا: چینی محققین پر الزامات ختم کرنے کی کارروائی شروع

87

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی حکام نے زیر حراست چینی محققین پر الزامات ختم کرنے کے لیے کارروائی شروع کردی۔ امریکی محکمہ انصاف نے انہیں گزشتہ برس ٹیکنالوجی کی منتقلی کی روک تھام کے سلسلے میں ویزا فراڈ کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔ خبررساں اداروں کے مطابق یونیورسٹی آف کیلیفورنیا ڈیوس اسکول آف میڈیسن کے محقق تانگ جان جن کو گزشتہ سال جولائی میں چین سے فوجی وابستگی چھپانے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔ کیلیفورنیا کی ضلعی عدالت کے استغاثہ نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ ملزم پر عائد فرد جرم خارج کرنے اور مقدمے کی سماعت کو ختم کرنے کے لیے کارروائی کر رہے ہیں۔ اس سے قبل ایف بی آئی کے ماہرین کی ایک رپورٹ کی روشنی میں وکیل دفاع نے مقدمہ خارج کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ ماہرین کی رپورٹ میں سوال اٹھایا گیا تھا کہ کیا فوجی یونیورسٹیوں اور اسپتالوں میں چینی طبی سائنس دانوں سے متعلق قوانین واضح ہیں۔ گزشتہ برس 5چینی محققین کو اس معاملے میں گرفتار کیا گیا تھا اور ان میں سے 2 اب بھی جیل میں ہیں۔ امریکن سول لبرٹیز یونین اور ایشین لا کاکس نے ان حراستوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان سے چین مخالف تعصب کی عکاسی ہوتی ہے۔