اولمپکس کا میلہ ٹوکیو میں سج گیا

260

کراچی (سید وزیر علی قادری) انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کا سب سے بڑا ایونٹ ‘ اولمپکس’کا میلہ جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں سج گیا۔ کووڈ 19کی عالمی وبا کے پھیلنے کے بعد 2020کو ملتوی کردیا گیا تھا اور چہ مے گوئیاں جاری تھیں کہ میگا ایونٹ ہوبھی پائے گا یا نہیں ، جاپان کی حکومت اور آئی او سی مطمئن تھے اور پرعزم کہ مجوزہ تاریخوں میں ہی اولمپکس منعقد ہونگے ۔ دنیا نے دیکھا کہ گزشتہ شام بالاخر تمام افواہیں اس وقت دم توڑ گئیں جب اولمپکس کا باقائدہ سرکاری اعلان ہوا اور تمام ملکوں کے دستے بڑی بڑی ٹی وی اسکرینوں پر نظر آئے۔ ٹوکیو اولمپکس کا رنگارنگ افتتاحی تقریب کے ساتھ باضابطہ آغاز ہوگیا، دنیاسے تقریبا ساڑھے11 ہزار ایتھلیٹس ایونٹ میں شرکت کررہے ہیں، اولمپکس میں33 کھیلوں کے339 ایونٹس ہوں گے، افتتاحی تقریب میں صرف 950 تماشائی شریک ہوئے، اولمکپس مقابلوں میں پاکستان کا 20 رکنی دستہ بھی شامل ہے۔ جمعہ کو جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں کئی سال کی تیاریوں اور رکاوٹوں کے بعد اولمپکس کا باضابطہ آغاز ہوگیا۔ کورونا وبا کی وجہ سے ٹوکیو اولمپکس تماشائیوں کے بغیر منعقد ہونگے۔ جمعہ کو ٹوکیو اولمپکس کی افتتاحی تقریب میں حکام اور صحافیوں سمیت تقریبا ساڑھے 9سو افراد شریک ہوئے۔ رنگا رنگ تقریب میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا گیا، مختلف ممالک کے کھلاڑیوں نے خوبصورت انداز میں گرائونڈ میں اپنی انٹری کی۔