مرتضیٰ وہاب کا شہرکادورہ‘ آلائشیں ٹھکانے لگانے کے کاموں کا جائزہ لیا

123

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ حکومت کے ترجمان مشیرقانون ، ماحولیات و ساحلی ترقی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے جمعرات کو شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کرکے آلائشیں ٹھکانے لگانے کے کاموں کا جائزہ لیا، ضلع شرقی طارق روڈ ،بہادرآباد، ضلع وسطی لیاقت آباد اور ملحقہ علاقوں کا دورہ کرکے صفائی ستھرائی کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ ان علاقوں سے آلائشیں اٹھانے کے حوالے سے شکایات موصول ہوئی تھیں تاہم بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کے دورے کے دوران شہریوں نے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ بلدیاتی ادارے، سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ، ڈی ایم سیز، ڈپٹی کمشنرز و عملہ گزشتہ 72 گھنٹوں سے فیلڈ میں رہ کر کام کر رہے ہیں۔ آلائشیں اٹھانے کے حوالے سے سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ اپنی پوری کوشش کر رہا ہے ‘ہم نے شہر میں 85 کلیکشن پوائنٹس بنائے ہیں ہماری کوشش ہے کہ آلائشوں کو زیادہ دیر نہ پڑے رہنے دیں۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ آلائشوں کو پھاڑ کر ان میں سے چربی جمع کرنے والوں کی جانب سے مشکلات کا سامنا ہے جسکی وجہ سے معمولی تاخیر ہوئی، شہریوں کی نشاندہی پر پولیس سے بات کی ہے شہریوں سے بھی اپیل ہے کہ ہمارے ساتھ تعاون کریں تاکہ میونسپل سروسز کے اداروں کو مشکل نہ ہو۔ شہریوں کے تعاون سے کراچی کو صاف ستھرا رکھیں گے‘ یہ ہمارا فرض ہے۔