سی ٹی ڈی میں جرائم پیشہ افسرا ن واہلکار وں کی نشاندہی‘کارروائی کافیصلہ

113

کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی پولیس کے محکمہ انسدا د دہشت گردی میں جرائم پیشہ افسران واہلکاروں کی نشاندہی ہوگئی،باخبر ذرائع کا دعویٰ ہے کہ سی ٹی ڈی کراچی کی جانب سے آئی جی سندھ کو ایک خط تحر یرکیا گیا ہے جس میں بری شہرت والے پولیس افسران کی نشاندہی کی گئی ہے، خط میں کہا گیاہے کہ مذکورہ پولیس افسران کے خلاف بدانتظامی کی بہت سی شکایات ہیں لہٰذا ان افسران کو کراچی رینج سے باہر تعینات کیا جائے کیوں کہ کسی بھی یونٹ میں ان افسران کی موجودگی سے غیرقانونی کام ہوسکتے ہیں،خط میں کہا گیا ہے کہ مختلف پوسٹنگ آرڈرز کے ذریعے 103پولیس افسران میں سے 90 افسران کو کراچی رینج میں تعینات کیا گیا لیکن ان میں سے صرف 72 پولیس افسران نے کراچی رینج میں رپورٹ کیا، باخبر ذرائع کا دعویٰ ہے کہ خط میں جن جرائم پیشہ افسران کی نشاندہی کی گئی ہے ان میں سے اکثریت اندرون سندھسے کراچی لائے جانے والے افسران کی ہے ادھر اسپیشل انوسٹی گیشن پولیس کے اہلکاروں وافسران کی سونا چوری، سی ٹی ڈی کے اہلکاروں کی کپڑے کے ٹرک چوری اور پولیس موبائل میں منشیات فروشی کے واقعات کے بعد کراچی پولیس میںکالی بھیڑوں کے خلاف سخت ایکشن لینے اور تحقیقاتی رپورٹ تیار کرنے کا حکم دے دیا گیا ہے ۔