جامعہ کراچی کاداخلہ ٹیسٹ مذاق‘جوابات پہلے ہی بولڈ کردیے گئے

75

کراچی (اسٹاف رپورٹر) جامعہ کراچی میں 18 جولائی بروز اتوار کو ایم فل اور پی ایچ ڈی کے داخلہ ٹیسٹ کاانعقاد کیا گیا اس سلسلہ میں مختلف شعبہ جات میں ٹیسٹ سینٹرز کا قیام عمل میں لایا گیا، یہ پرچہ MCQS پر مشتمل تھا جس میں سے طلبہ و طالبات کو درست جوابات کا انتخاب کرنا تھا۔ البتہ شعبہ جرمیات کے ایم فل اور پی ایچ ڈی کے داخلہ ٹیسٹ کے پرچے میں درست جوابات پہلے ہی بولڈ کر کے واضح کردیے گئے۔ ترجمان اسلامی جمعیت طلبہ جامعہ کراچی احمد منیب کا کہنا تھا کہ جامعہ کراچی انتظامیہ نئے ناموں کے ساتھ وہی پرانی پالیسز جاری رکھے ہوئے ہے اور فیسوں میں ہوش ربا اضافے کے جواز میں یہ دعویٰ کررہی ہے کہ طلبہ و طالبات کو اس اضافے کے نتیجے میں بہترین سہولیات فراہم کی جائیں گی، مگر صد افسوس کہ جامعہ انتظامیہ بہترین سہولیات کے برعکس ضروری سہولیات فراہم کرنے میں بھی ناکام ہے۔ ترجمان اسلامی جمعیت طلبہ جامعہ کراچی کا کہنا تھا کہ گزشتہ برس بھی ایم فل اور پی-ایچ-ڈی کے داخلوں میں من پسند طلبہ و طالبات کو داخلوں سے نوازا گیا تھا۔ ترجمان اسلامی جمعیت طلبہ جامعہ کراچی نے مطالبہ کیا کہ ان بے ضابطگیوں کا فی الفور حل نکالا جائے اور طلبہ و طالبات سے لی جانے والی بھاری فیسوں کے عوض بہترین سہولیات مہیا کی جائیں۔