طالبان نے اسٹریٹجک برتری حاصل کر لی ہے، امریکا

130

واشنگٹن (صباح نیوز) امریکی فوج کے سربراہ جنرل مارک ملی نے کہا ہے کہ طالبان کی جانب سے افغانستان پر مکمل کنٹرول حاصل کرلینا خارج از امکان نہیں ہے تاہم وہ اب بھی مذاکرات سے مسئلے کا سیاسی حل نکل آنے کے تئیں پرامید ہیں۔امریکی جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل مارک ملی نے پینٹاگون میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طالبان نے افغانستان پر کنٹرول حاصل کرنے کی جنگ میں بظاہر اسٹریٹجک برتری حاصل کرلی ہے۔ انہوں نے اہم شہروں پر اپنا دباؤ بڑھا دیا ہے اور آنے والے ہفتوں میں فیصلہ کن معرکہ کے لیے اسٹیج تیار ہوگیا ہے۔جنرل مارک ملی کا کہنا تھا،اب قوت ارادی اور افغان قیادت، افغان عوام، افغان سیکورٹی فورسزاور افغان حکومت کا امتحان ہونے والا ہے۔جنرل مارک ملی کا یہ بیان ایسے وقت آیا ہے جب امریکی فوج کا افغانستان سے انخلا تقریباً مکمل ہوچکا ہے۔ پینٹاگون کا کہنا ہے کہ 95 فیصد انخلا ہوچکا ہے اور 31اگست تک امریکی فوج کا انخلا مکمل ہوجائے گا۔ بائیڈن انتظامیہ نے تاہم اگست کے بعد بھی افغان فورسز کو مالی امداد اور لاجسٹک تعاون جاری رکھنے کا وعدہ کیا ہے۔جنرل مارک ملی نے کہا کہ طالبان نے افغانستان میں 419 ڈسٹرک سینٹروں میں سے تقریباً نصف پر قبضہ کرلیا ہے حالانکہ وہ 34 صوبائی دارالحکومتوں میں سے کسی پر بھی ابھی قبضہ نہیں کرسکے ہیں لیکن ان میں سے تقریبا نصف پر ان کی جانب سے زبردست دباؤ ہے۔