اجتماعی قربانی میں شرکت اور کھالوں کا عطیہ الخدمت پر عوام کے اعتماد کا مظہر ہے،حافظ نعیم الرحمن

314
امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نعمت اللہ خان سینٹر ڈیفنس فیزIVمیں قائم الخدمت کے اجتماعی قربانی اور مہم چرم قربانی کے مراکز کا دورہ اور میڈیا سے گفتگو کررہے ہیں

کراچی(اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ اہل کراچی کی جانب سے جماعت اسلامی اور الخدمت کے تحت ہر سال اجتماعی قربانی میں بھر پور شرکت اور قربانی کی کھالوں کا عطیہ الخدمت پر اہل کراچی کے بھر پور اعتماد کا مظہر ہے ۔ الخدمت واحد ادارہ ہے جس کے پاس سالانہ حسابات کا آڈٹ موجود ہے ۔ کراچی میں 200سے زاید مقامات پر جماعت اسلامی اور الخدمت کے تحت اجتماعی قربانی کی گئی ۔ جانوروں کی کھال کی قیمت مسلسل کم کی جارہی ہے۔ حکومت جس طرح گنے کی قیمت متعین کرتی ہے اسی طرح کھالوں کی قیمت بھی متعین کرے۔ ڈالر کی قیمت میں اضافے کے ساتھ کھالوں کی قیمت میں بھی اضافہ ہونا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے عیدالاضحی کے پہلے اور دوسرے دن ضلع وسطی ، ضلع گلبرگ وسطی ، ضلع شرقی ، ضلع ائر پورٹ ، ضلع کورنگی اور ضلع جنوبی میں جماعت اسلامی اور الخدمت کے تحت قائم اجتماعی قربانی اور مہم چرم قربانی کے مراکز کا دورہ اور میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔حافظ نعیم الرحمن نے مصروف عمل کارکنوں اور رضاکاروں سے ملاقات کی ، ان کے جذبے اور حوصلے کو سراہا ،سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ یہ کراچی کے شہریوں کا جماعت اسلامی اور الخدمت پر اعتمادکا بھرپور اظہار ہی ہے جو ہر سال وہ بڑے پیمانے پر اجتماعی قربانی میں حصہ لیتے ہیں اور کھالیںبھی دیتے ہیں۔ شہری جانتے ہیں کہ واحد الخدمت ایسا ادارہ ہے جس کے پاس تمام حسابات کا آڈٹ موجو د ہے۔ الخدمت ملک بھر میں مختلف شعبوں میں گراں قدر خدمات انجام دے رہی ہے اور لوگوں کے غم سمیٹنے اور ان میں خوشیاں بانٹنے میں مصروف ہے۔ عوام کے تعاون سے ہی کراچی میں ا لخدمت کے تحت چلائے جانے والے پروجیکٹس ، صحت ، تعلیم ، روزگار، صاف پانی سمیت زندگی کے مختلف شعبہ جات کی سرگرمیاں جاری ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ عید کے پہلے روز ہی شہر بھرمیں صفائی ستھرائی کے انتظامات انتہائی ناقص نظر آئے ،شہر میں جگہ جگہ آلائشیں پڑی رہیں ،حکومتی دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے ،حکومت کو چاہیے کہ شہر میں عید الاضحی کے موقع پر صفائی ستھرائی کا ترجیحی بنیاد پرانتظام کرائے ۔انہوں نے کہاکہ الخدمت کے تحت ہر سال اجتماعی قربانی میں سپر آسان، آسان قربانی اور اجتماعی قربانی کے نام سے قربانی کی جاتی ہے،جماعت اسلامی اور الخدمت کے رضاکار مبارکباد کے مستحق ہیں جو فی سبیل اللہ خدمت خلق کا کام کررہے ہیں، جماعت اسلامی کے رضاکار ہزاروں کی تعداد میں خدمت کا فریضہ انجام دے رہے ہیں۔عید الاضحی کے پہلے روزضلع وسطی میں 11بجے صبح،علیمیہ اسکول گراؤنڈ نارتھ ناظم آباد بلاک اے،جے اور آئی ،ضلع گلبرگ میں مسجد قبا فیڈرل بی ایریا، بلاک 13اور ضلع شرقی میں اجتماعی قربانی و مہم چرم قربانی کے مختلف مراکز کے دورے کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر ضلع وسطی کے امیر وجیہ حسن، نائب امیر ضلع گلبرگ سید احمد،انچارج اجتماعی قربانی فیڈرل بی ایریا بلاک 13عماد رضوی،نائب ناظم علاقہ مفتی فیصل شیخ، اسامہ جاوید، ضلعی ذمے داران عبداللہ شجاعت، ضلع شرقی کے سیکرٹری ڈاکٹر فواد، نائب امیر ضلع شرقی نعیم اختر،سیکرٹری اطلاعات زاہد عسکری ،ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات صہیب احمد ودیگر بھی موجود تھے۔ علاوہ ازیںحافظ نعیم الرحمن نے امید وار کنٹونمنٹ وارڈز گلشن جمال اور عسکری 4 ابن حسن ہاشمی ، وارڈ نمبر 6بلاک 16-A،گلستان جوہر گلشن اقبال 10-Aریلوے سوسائٹی کے امید وار ذوالفقار بیگ،بلال وارثی وارڈ نمبر 5بلاک 19گلستان جوہر سمیت متعدد مقامات کا دورہ کیا اور الخدمت کے رضاکار وںسے ملاقات کی۔الخدمت کے تحت اجتماعی قربانی مراکز پر ہزاروں کی تعداد میں گائے اور بکرے ذبح کیے گئے جہاں عوام کی سہولت کے لیے بہترین اور مؤثر انتظامات کیے گئے تھے ، لوگوں نے الخدمت اور جماعت اسلامی کے کارکنوں کو خراج تحسین پیش کیا۔دریں اثنا حافظ نعیم الرحمن نے عیدکے دوسرے دن ضلع ائر پورٹ کے دورے میں ملیر کنٹونمنٹ بورڈ کے مختلف وارڈز کا دورہ کیا ، اس موقع پر کنٹونمنٹ بورڈ میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں جماعت اسلامی کے علاقائی ذمے داران چودھری اشرف ، ریحان سلیم بھی ہمراہ تھے ۔ ملیر کنٹونمنٹ بورڈ میں بلدیاتی امیدوار یاسر جمیل ، ذیشان طارق ، اقبال مغل ، ڈاکٹر ثاقب انصاری ، کاشف انصاری بھی اور دیگر موجود تھے ۔ حافظ نعیم الرحمن نے چرم قربانی کے مرکزی کیمپ کورنگی کا دورہ کیا ۔ عید کے دوسرے روز ضلع جنوبی میں حافظ نعیم الرحمن نے ڈیفنس 4 ، فائیو ، گذری ، پی این ٹی کالونی ، کالا پل کا دورہ کیا۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی ضلع جنوبی و رکن سندھ اسمبلی سید عبد الرشید، کنٹونمنٹ بورڈ کلفٹن میں بلدیاتی امیدوار طلحہ شاہد اور نائب امرا ئے ضلع سفیان دلاور ،ظہور جدون بھی ہمراہ تھے ۔ حافظ نعیم الرحمن نے ضلع کورنگی کا بھی دورہ کیا ، سرگرمیوں کا جائزہ لیا ، کارکنوں اور ذمے داران سے ملاقات کی۔ اس موقع پر امیر ضلع عبد الجمیل خان ، سیکرٹری ضلع عبد الحفیظ بھی ہمراہ تھے ۔