ملک بھر میں عید الاضحی مذہبی جوش و جذبے سے منائی گئی

133

اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک بھر میں عیدالاضحی مذہبی جوش و جذبے سے منائی گئی، ملک کے چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے چھوٹے بڑے شہروں میں نماز ِعید کے بڑے اجتماعات ہوئے، بارش کے باعث بعض علاقوں میں نمازِ عید کے اجتماعات مساجد میں ہوئے جبکہ کھلے میدانوں میں بھی نماز عید ادا کی گئی، عید کے اجتماعات میں ملکی سلامتی، ترقی اورخوشحالی کیلیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں، نماز عید کی ادائیگی کے بعد ملک بھر میں مسلمانوں نے سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے قربانی کا فریضہ ادا کیا۔ اسلام آباد میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع فیصل مسجد میں ہوا جہاں صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی، قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری اور سینیٹر فیصل جاوید سمیت ہزاروں شہریوں نے نماز عید ادا کی، بعد ازاں صدر مملکت نے پاکستان اور مسلم امہ کی ترقی، خوشحالی اور فلاح و بہبود کیلیے دعا کی۔ کراچی میں نماز عید الاضحی کا سب سے بڑا اجتماع عید گاہ گراؤنڈ ناظم آباد میں ہوا جہاں مفتی تقی عثمانی نے نماز عید کی امامت کی۔ لاہور، پشاوراور کوئٹہ، ملتان، فیصل آباد، گوجرانوالہ، حیدرآباد، مظفرآباد، گلگت، سکردو، ایبٹ آباد اور دیگر شہروں اور قصبوں میں بھی نماز عید کے چھوٹے بڑے اجتماعات میں ہزاروں فرزندان اسلام نے شرکت کی۔ لاہور میں بحریہ ٹاؤن کی گرینڈ جامع مسجد میں بھی نمازِ عید کا اہتمام کیا گیا، جہاں علامہ محمد طاہر اشرفی نے نماز پڑھائی۔ لاہور میں منصورہ میں بھی نماز عیدالاضحیٰ کا اجتماع ہوا۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق اور شہباز شریف نے نماز عید لاہور میں ادا کی۔