حیدرآباد: ٹرانسفارمر پھٹنے سے 5افراد جاں بحق، متعدد زخمی

291

حیدر آباد:لطیف آباد میں قدیم ٹرانسفارمر پھٹنے کے نتیجے میں جھلس کر 5افراد جاں بحق  اور 12زخمی ہوگئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق  ٹرانسفارمر پھٹنے سے متعدد افراد زخمی ہوگئے ، جنہیں ابتدائی طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال میں منتقل کردیا گیا ، کئی خاندانوں کی عید غم میں ڈھل گئی ، ایک ہی علاقے کے 5گھرانوں کے پیارے اس دنیا سے رخصت ہوگئے۔

علاقہ مکینوں نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ قدیم ٹرانسفارمر پھٹنے کے بعد بھی کسی قسم کے اقدامات نہیں کیے گئے، قدیم ٹرانسفارمر عوام کیلیے کسی بھی بم سے کم نہیں ہے، 2ماہ میں 8لوگ اس دنیا سے چل بسے لیکن متعلقہ اداروں کی طرف سے کسی بھی قسم کی کوئی پیش رفت نہیں ہوئی ہے۔

دوسری جانب حیسکو نے فوری پریس ریلیز جاری کرتے ہوئے کہا کہ ٹرانسفارمر مرمت کے بعد لگایا گیا تھا، اچانک آگ لگ گئی اس حوالے سے جائزہ لے رہے ہیں۔

خیال رہے کہ گذشتہ ماہ بھی ٹرانسفارمر پھٹنے کے نتیجے میں 3بچے جاں بحق ہوگئے تھے۔