الیکشن ریفارمز پر یک طرفہ قانون سازی ناقابل قبول ہے، سراج الحق

403

لاہور:امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کا کہناہے کہ سابقہ و موجودہ حکمرانوں کی وجہ سے پاکستان میں کرپشن بڑھ رہی ہے، حکمران کوئی وعدہ نبھانا اپنی ذمہ داری ہی نہیں سمجھتے، ملک کے مسائل کا حل صرف اورصرف قرآن و سنت کی حکمرانی اور نظریہ پاکستان کے تحفظ میں ہے۔

منصورہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ  آزاد کشمیر میں الیکشن نہیں ، سلیکشن ہورہی ہے، لوگوں کو خریدا جارہا ہے، ایوانوں کے اندر اور باہر، چوکوں،چوراہوںاور جلسوں میں پی ٹی آئی ، مسلم لیگ ن ، پی پی پی قیادت ایک دوسرے کو گالیاں دینے اور الزامات لگانے میں اس طرح مصروف ہیں کہ ہماری نئی نسل بھی ان پر حیران اور پریشان ہے ۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ  ادارے ناکام ہور ہے ہیں، اس لیڈر شپ کی وجہ سے ہماری عدالتوں میں انصاف نہیں ہے ، تعلیمی اداروں میں غریب کے لیے تعلیم،اسپتالوں میں علاج کا انتظام نہیں ہے۔

سراج الحق نے مزید کہا کہ  ملک میں افراد کی حکمرانی، خاندانوں کی بادشاہت، شہزادوں اور شہزادیوں کی سیاست ہے، انہی طبقات نے پاکستان کی جغرافیائی اور نظریاتی سرحدوں کو بھی نقصان پہنچایا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ  گزشتہ 73 سالوں میں ایک منٹ کے لیے بھی شریعت محمدی کا نفاذ اس ملک کو نصیب نہیں ہوسکا، دین کو قائم کرنا اور اس کو غالب کرنا ہی اصل میں سنت ابراہیمیؑ ہے۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ حکومت نے الیکشن ریفارمز پر یک طرفہ طور پر جو قانون سازی کی ہے وہ ناقابل قبول ہے، آئندہ انتخابات متناسب نمائندگی کی بنیاد پر ہونے چاہئیں، یہی بہترین طریقہ انتخاب ہے۔