پاک چین دوستی آنے والے دور میں اپنا رنگ دکھائے گی، وزیر خارجہ

431
” یوکرین سمیت تمام تنازعات کو بین الاقوامی قوانین کی روشنی میں حل کریں گے

اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پاک چین دوستی اپنی ساتویں دہائی میں داخل ہو چکی ہے، آنے والے دور میں اپنا رنگ دکھائے گی۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے چین روانگی سے قبل اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ آج 2 روزہ دورے پر چین روانہ ہو رہا ہوں، میری چین کے وزیر خارجہ اور اسٹیٹ قونصلر وانگ ای کے ساتھ ملاقات ہوگی، سیکریٹری خارجہ و دیگر سینئر افسران میرے ہمراہ ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم نے پاکستان اور چین کے مابین تعلقات کا ازسرنو جائزہ لینا ہے، ملاقات میں دو طرفہ اسٹرٹیجک ایجنڈا زیر بحث آئے گا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ افغانستان اور علاقائی صورتحال پر ایک دوسرے کے تاثرات جاننے کا موقع ملے گا، سی پیک پراجیکٹس پر اب تک کی  پیش رفت اور آئندہ کے لائحہ عمل پر گفتگو ہوگی، دورے سے  دو طرفہ برادرانہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔