تلنگانہ: تجوری میں موجودو لاکھ روپے چوہوں نے کتر دیے

554

نئی دہلی: ہوشیار، خبردار ۔۔ ایسا آپ کے ساتھ بھی ہوسکتا ہے۔ بھارتی ریاست تلنگانہ میں معمر شخص کے آپریشن کے لیے جمع کیے گئے دو لاکھ روپے کے کرنسی نوٹ چوہوں نے کھالیے جبکہ بینک نے بھی نوٹ تبدیل کرنے سے انکار کردیا ہے۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق  چوہوں کے حملے کا یہ عجیب و غریب واقعہ بھارتی ریاست تلنگانہ کے ضلع محبوب نگر میں پیش آیا، جہاں ریڈیا نامی شخص نے دو لاکھ روپے جمع کیے تھے تاکہ اپنے پیٹ کے کینسر سے نجات پانے کےلیے آپریشن کراسکے۔

May be an image of money

رپورٹس کے مطابق  ریڈیا ہر روز قریبی گاؤں سے سبزیاں لاکر اپنے علاقے میں فروخت کرتا ہے،  عمر کے اس حصے میں بھی عمر رسیدہ شخص اپنا گزر بسر کرنے کےلیے خود ریڑھی لگاتا ہے۔

بزرگ شہری کی زندگی پرسکون انداز میں گزر رہی تھی کہ اچانک انہیں پیٹ میں تکلیف شروع ہوگئی، ڈاکٹر کو چیک کروانے پر پتہ چلا کہ ان کے پیٹ میں ٹیومر ہے جس کا فوری آپریشن انہیں موت کے منہ میں جانے سے بچا سکتا ہے۔

ڈاکٹروں نے انہیں آپریشن کے لیے 4 لاکھ روپے کا خرچ بتایا جو ان کےلیے ناممکن تھا لیکن پھر بھی ریڈیا نے اپنے علاج کی غرض سے رقم جوڑنا شروع کی یہاں تک کے دو لاکھ روپے جمع ہوگئے۔

ریڈیا کے پیٹ میں شدید درد ہوا تو انہوں نے ڈاکٹر کے پاس جانے کےلیے تجوری کھولی تاکہ پیسے نکال سکیں لیکن انہوں نے تجوری کھولی تو ریڈیا دنگ رہ گئے کیوں کہ تجوری میں موجود رقم چوہوں نے کتر دی تھی۔

پھٹے ہوئے کرنسی نوٹ دیکھ کر معمر شخص کی امید ٹوٹ گئی کیوں کہ بینک نے بھی نوٹ تبدیل کرنے سے انکار کردیا،  تاہم بینک افسر نے ریڈیا کو ریزرو بینک آف انڈیا جانے کا مشورہ دیا،  اب ریڈیا پریشان ہیں کہ اگر ریزرو بینک نے بھی نوٹ تبدیل کرنے سے منع کردیا تو ان کا علاج کیسے ہوگا۔

واضح ر ہے معمر بھارتی شہری نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ وہ کرنسی نوٹ تبدیل کروانے میں اس کی مدد کریں یا اس کاعلاج کروانے میں تعاون کریں۔