میرپورخاص ، عید کی آمد پر مصالحہ و سبزیوں کے نرخ میں ریکارڈ ا ضافہ

116

میرپورخاص (نمائندہ جسارت) آٹا، چینی اور گھی کے نرخوں میں اضافے کے بعد عید الضحیٰ کے موقع پر استعمال ہونے والے گرم مصالحہ جات اور ہرے مصالحے کے نرخوں میں زبردست ریکارڈ اضافہ، خریداروں کے ہجوم کا فائدہ اٹھاتے ہوئے دکانداروں اور ٹھیلے والوں نے ہرے اور گرم مصالحہ کے نرخوں میں 50سے 60فیصد سے زائد من مانا اضافہ کر دیا ہے ، قیمتیں کنٹرول کرنے والے اداروں کی مکمل خاموشی کے بعد عوام مہنگے داموں اشیا خریدنے پر مجبور ہیں۔ تفصیلات کے مطابق مسلمانوں کی جانب سے سنت ابراہیمی کی ادائیگی کے لیے مال مویشی منڈیوں میں جانوروں کی قیمتوں میں زبردست اضافہ ہو گیا ہے دوسری جانب عید الضحیٰ کے موقع پر استعمال ہونے والے گرم اور ہرے مصالحے فروخت کرنے والے دکانداروں اور ٹھیلے والوں نے من مانی قیمتیں مقرر کر کے عید کے موقع پر عوام کا گلہ کاٹنے کے لیے چھریاں اور بغدے تیز کر لیے ہیں قربانی کے جانوروں کی خریداری کامرحلہ مکمل کر کے لوگ ہرے اور گرم مصالحہ جات کی خریداری میں مصروف ہو جاتے ہیں مصالحوں کے خریداروں کا ہجوم دیکھتے ہوئے دکانداروں اور ٹھیلے والوں نے آپس میں ملی بھگت کر کے من مانے نرخ مقرر کر دیے ہیں اور قیمتوں کے بڑھنے کی وجہ بارشوں کے باعث ہرے مصالحے کی کمی ہے اور قیمتیں کئی گناہ زائد وصول کر رہے ہیں۔ ہرا مصالحہ فروخت کرنے والے سبزی فروشوں نے لیموں ، ادرک ، دھنیہ، پودینہاور لہسن ودیگر مصالحوں کی دگنی قیمتیں مقرر کر رکھی ہیں جس کے مطابق لیموں دوروز قبل 60روپے کلو تھے جو کہ اب 150 روپے ،ٹماٹر 100 روپے سے 120روپے کلو، پیاز 50 روپے کلو، آلو 50روپے کلو، ہری مرچ 200روپے کلو ،ہرا دھنیہ 480 سے 500 روپے کلو، لہسن 320 سے 400روپے کلو ،ادرک 520 سے 600روپے کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے اور پچھلے دوروز کے دوران ہرے مصالحے کی قیمتوں میں 50 سے 60فیصد تک اضافہ کر دیا گیا ہے جس کی وجہ سے عوام ٹھیلے اور سبزی فروش دکانداروں کی ہٹ دھرمی اور زائد منافع خوری کی وجہ سے سخت پریشان ہیں اور پرائز کنٹرول کمیٹی کی مکمل خاموشی اور چشم پوشی کی وجہ سے اس مہنگائی کے دور میں اضافی نرخ دینے پر مجبور ہیں جبکہ مارکیٹوں میں موجود خریداروں عبداللہ ، عبدالغفور ، زلیخاں ، رضیہ بی بی اور عمران احمد و دیگر نے بتایا کہ عید کے موقع پر دکانداروں اور ٹھیلے والوں نے زائد منافع کے لالچ میں ہرے مصالحے کے نرخوں میں کئی گناہ اضافہ کر دیا ہے بیرون ممالک عید کے موقع پر اشیا خورونوش کی قیمتوں میں کمی کر دی جاتی ہے لیکن ہمارے ملک میں دکانداروں اور ٹھیلے والوں کو اللہ کا کوئی خوف نہیں ہے اور زائد منافع کی لالچ میں اپنی اشیا کی قیمتوں میں اچانک اضافہ کر دیتے ہیں جس کی وجہ سے کئی غریب لوگ اللہ کی ان نعمتوں سے مستفید نہیں ہوتے اور ان سے محروم رہتے ہیں۔ دوسری جانب ٹھیلے والوں اور سبزی فروش دکانداروں کا کہنا ہے کہ بارشوں کی وجہ سے ہرا مصالحہ مارکیٹوں میں نہیں پہنچ رہا ہے جس کی وجہ سے قیمتوں میں اضافہ ہو ا ہے جبکہ قیمتوں کو کنٹرول میں رکھنے والے اداروں کی جانب سے زائد قیمتوں پر اشیا فروخت کرنے والے دکانداروں اور ٹھیلے والوں کے خلاف کارروائی کرنے کے بجائے مکمل طور پر خاموشی اختیار کی ہوئی ہے۔