وسیم خان کو مزے لگ گئے ، پی سی بی کے چیف ایگز یکٹیو رہیں گے

444

کراچی(سید وزیر علی قادری) چیف ایگزیکٹووسیم خان نے پی سی بی میں اپنی ملازمت جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے،6دسمبر 2018کو پاکستان کرکٹ بورڈ نے برطانوی نژاد وسیم خان کا بطورمنیجنگ ڈائریکٹر (ایم ڈی)تقرر کیا تھا، ان کے 3سالہ معاہدے کا آغاز یکم فروری 2019 کو ہوا،معاہدے کے تحت وسیم خان اختتام سے ایک سال قبل توسیع کیلئے اپنی دلچسپی ظاہر کر سکتے ہیں۔ فروری میں کراچی میں منعقدہ اجلاس کے دوران ان کو توسیع دینے پر بات چیت کا امکان تھا، مگر چیئرمین احسان مانی نے اپنی ایکسٹینشن تک معاملے کو روک دیا تھا، ان کا3 سالہ کنٹریکٹ ستمبر کے اوائل میں ختم ہوگا مگر رپورٹس کے مطابق انھیں وزیر اعظم ہائوس سے مزید 3سال کام جاری رکھنے کا گرین سگنل مل چکا ہے۔ذرائع کے مطابق احسان مانی اپنی ٹیم کو بھی برقرار رکھنا چاہتے ہیں، وسیم خان کی بعض قریبی شخصیات نے کچھ عرصے قبل دعوی کیا تھا کہ چیئرمین کی حد سے زیادہ مداخلت کی وجہ سے وہ توسیع نہیں لینا چاہتے، البتہ بورڈ ذرائع اس تاثر کو مسترد کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ سی ای او کو اتنی زبردست ملازمت اور تنخواہ کہیں نہیں مل سکتی، وہ مزید چند سال پی سی بی میں رہنے کا ذہن بنا چکے ہیں۔ذرائع نے مزید بتایا کہ گورننگ بورڈ کی اگلی میٹنگ میں وسیم خان کی توسیع کا معاملہ بھی زیرغور آ سکتا ہے،اس وقت تک احسان مانی کی ایکسٹینشن کا اعلان بھی ہو چکا ہوگا۔