پاکستان کی فیٹف شرائط پوری کرنیکی کوششیں تسلیم کرتے ہیں،امریکا

267

واشنگٹن‘اسلام آباد(آن لائن+صباح نیوز) امریکا نے پاکستان کے ایف اے ٹی ایف نکات پورے کرنے کی کوششوں کو سراہا ہے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نیڈ پرائس نے بریفنگ میں کہا کہ پاکستان کی فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کے نکات پورا کرنے کی کوششوں کو سراہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے27 میں سے 26 نکات پر عملدرآمد کرایا ہے،ہم پاکستان کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں کہ عالمی دنیا کے ساتھ مل کر جلد بقیہ نکات بھی مکمل کرے۔نیڈ پرائس نے مزید کہا کہ پاکستان دہشت گردی کی فنانسنگ کو روکنے کے لیے اقدامات کرے اور ایف اے ٹی ایف ایکشن پلان پر تیزی سے عملدرآمد کرے۔ترجمان کا کہنا تھا کہ ایران،پاکستان سمیت افغانستان کے تمام ہمسایہ ممالک کو امن کے لیے کردار ادا کرنا ہے۔علاوہ ازیں وفاقی وزیرحماداظہر نے ایک بیان میں کہا ہے کہپاکستان جلدایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکل جائے گا ، بھارت نے فٹیف کو سیاسی فورم بنایا۔حماداظہر نے آزاد کشمیر کے انتخابات کے حوالے سے کہا کہ وراثت میں پارٹیاں لینے والے الیکشن نہیں جیت سکتے،آزادکشمیر کے لوگوں کو بڑا شعور ہے ، آزاد کشمیر میں بھی نئے پاکستان کا جھنڈا لہرائیں گے۔یوٹیلیٹی اسٹورز کے ریٹس سے متعلق انہوں نے کہا کہ ہم نے یوٹیلیٹی اسٹورز پرریکارڈ سبسڈی دی،یوٹیلیٹی اسٹورز اورعام مارکیٹ کے ریٹس میں فرق بہت زیادہ ہے ، اس وجہ سے یوٹیلیٹی اسٹورز کے ریٹس کو بڑھا رہے ہیں۔انہوںنے کہا کہ آنیوالے وقت میں مہنگائی پر قابو پالیں گے، بھارت میں غربت کی شرح ہم سے زیادہ ہے ۔