ملک کے مختلف حصوں میں بارش سے 8 افراد جاں بحق

140

کراچی/ اسلام آباد/ لاہور (اسٹاف رپورٹر/ مانیٹرنگ ڈیسک) ملک کے مختلف علاقوں میں مون سون بارش کے باعث حادثات میں 8 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب کے مختلف شہروں میں موسلادھار بارش سے نظام زندگی درہم برہم ہوگیا، سڑکیں تالاب بن گئیں جب کہ مختلف حادثات میں 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔فیصل آباد اورمیانوالی میں نشیبی علاقے زیرآب آگئے اور پانی گھروں میں داخل ہوگیا، میانوالی میں سیلابی ریلے سے ریلوے ٹریک کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔گوجرانوالہ ،جھنگ اور مری میں بھی تیز بارش ہوئی۔لاہور میں99 ملی میٹر بارش نے موسم سہانا بنا دیا ،تاہم چھتیں گرنے سے ایک شخص جاں بحق اور10زخمی ہو گئے، نشیبی علاقے زیر آب آگئے، مویشی منڈیوں میں بیوپاری جانوروں کو بارش سے بچانے کے جتن کرتے رہے۔ائرپورٹ کے فائر اسٹیشن میں پانی بھرگیا‘ رن وے اور ایپرن پر بھی پانی جمع ہوگیا‘ ایمرجنسی گاڑیاں بھی پانی اورکیچڑ میں پھنس کر رہ گئیں۔ رائے ونڈ میں چھت گرنے سے30 سالہ عارف جاں بحق جب کہ چائنا اسکیم اورموہلنوال میں بھی چھتیں گرنے سے 10افراد زخمی ہوگئے۔وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے صوبے بھر میں شہری انتظامیہ اور واسا کو الرٹ رہنے کا حکم دیدیا ۔دوسری جانب دیر بالا کے ندی نالوں میں طغیانی کے باعث سیاحوں کی گاڑی برساتی نالے میں بہہ گئی اور 2 افراد جاں بحق ہوگئے جب کہ کوہاٹ کے قریب شکردرہ کے برساتی نالے میں 7 افراد بہہ گئے۔کراچی میں دوسرے روز بھی بادلوں کا راج رہا‘ ہلکی بارش اور ٹھنڈی ہواؤں سے موسم مزید خوشگوار ہوگیا جب کہ شہر میں30 سے 40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے سمندری ہوائیں چلتی رہیں۔پی ڈی ایم اے سندھ کی جانب سے آئندہ 24 گھنٹے کے دوران بارش کا الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ پی ڈی ایم اے نے صوبے کے تمام اضلاع کے کمشنرز ، ڈپٹی کمشنرز اور چیئرمین ڈی ڈی ایم اے (ڈسٹرک ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی) کو مراسلہ ارسال کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام تر انتظامات کو مکمل رکھا جائے مشینری اور عملے کو الرٹ رکھا جائے۔ مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ ہوا کے کم دباؤ کی وجہ سے 23 جولائی سے بارش کا سلسلہ سندھ میں داخل ہوگا، 23 سے 25 جولائی تک گرج چمک کے ساتھ تھرپارکر، عمرکوٹ، سانگھڑ، اور میر پور خاص ضلع میں تیز بارش کا امکان ہے۔ 24 سے 26 جولائی تک کراچی، حیدرآباد، بدین، ٹھٹھہ، شہید بے نظیر آباد، سکھر، لاڑکانہ، اور گھوٹکی، کشمور، خیرپور، دادو، جامشورو، ٹنڈو الہٰ یار، اور قنبر شہدادکوٹ کے اضلاع میں بارش کا امکان ہے۔