قربانی جانورکی نہیں ، خواہشات کی مقصود ہے، حسین محنتی

143

کراچی(اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی سندھ کے امیروسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہاہے کہ سنت ابراہیمی ؑ کے موقع پر نہ صرف اپنے جانورکی قربانی بلکہ اپنی انا، ضد،حسد اورغیبت سمیت تمام خواہشات کو قربان کرکے اللہ اوراس کے رسول ؐ کی بتائی ہوئی تعلیمات کے آگے سرتسلیم خم کرنا چاہیے۔ حضرت ابراہیم ؑ نے دعوت اورغلبہ دین کے لیے جدوجہد اوروقت کے بڑے ظالم حکمران کے سامنے کلمہ حق بلند کیا جس کے نتیجے میں ان کو آگ میںڈالا گیا۔آج اسی جذبے کو بیدار کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ جو لوگ اللہ تعالیٰ کی رضا کی خاطرکلمہ حق اورتمام احکامات پر سرتسلیم خم کرتے ہیں توپھر اللہ پاک بھی اپنے ایسے نیک بندوں کی غیب سے مددکرتا ہے جس طرح حضرت ابراہیم ؑ کی حفاظت فرمائی۔عیدالاضحی کے موقع پرجاری اپنے پیغام میں انہوں نے مزید کہاکہ قربانی ایک اہم عبادت اور شعائر اسلام میں سے ہے یہ نمائش یا کسی رسم کا نام نہیں بلکہ یہ ایک عبادت اور مذہبی فریضہ ہے کیونکہ فرمایا گیا کہ ’’اللہ تعالیٰ کو ان جانوروں کا گوشت اور خون ہر گز نہیں پہنچتا، بلکہ اس کو تمہاری جانب سے تمہارا تقویٰ پہنچتا ہے۔عید الاضحی کے موقع پر رشتے دار اورغربا میں گوشت تقسیم کرکے ان کو بھی عید کی خوشیوں میں شامل کیاجائے۔محمد حسین محنتی نے عوام سے قربانی کی کھالیں الخدمت کو دینے کی اپیل کرتے ہوئے کہاکہ الخدمت نام ہے دیانت وامانت کا ،الخدمت ملک بھرمیں غریبوں کے علاج معالجہ،مسکینوں اورطلبہ سمیت عوام کی خدمت اورہرقدرتی آفت کے موقع پرامدادی وبحالی کے کاموں میں پیش پیش ہوتی ہے ۔ صوبائی امیر نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک میں دین کے غلبہ کی جدوجہد کررہی ہے،جماعت اسلامی کے تمام کارکن عید کے تینوں دن کھالیں جمع،غریبوں تک قربانی کا گوشت پہنچانے کے لیے اللہ کی راہ میں وقت لگائیں،اپنے اندر تقویٰ ،ایثار وقربانی کا جذبہ پیدا کریں۔