اللہ کی رضا پر سب کچھ قربان کرنے کا نام قربانی ہے ٗ اسما سفیر

153

کراچی(اسٹاف رپورٹر)حلقہ خواتین جماعت اسلامی کراچی کی ناظمہ اسماء سفیرنے کہا ہے کہ قربانی محض عبادت نہیں بلکہ اللہ کی رضا پر اپنا سب کچھ قربان کرنے کا نام ہے۔اللہ کی کبریائی کے اعتراف میں اپنا مال اور اپنی جان اللہ کے راستے میں لگا کر سر اطاعت جھکانا انبیا کی سنت رہی ہے۔ یہ بات انہوں نے عیدالاضحی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہی۔انھوں نے کہا کہ حضرت ابراہیم علیہ السلام اور حضرت اسماعیل علیہ السلام کی عظیم الشان قربانی نے امت کو اطاعت رب اور عہد کو نبھانے کا درس دیا۔آج بھی ملت ابراہیمی بھٹکی ہوئی انسانیت کو اسلام کے دامن رحمت میں پناہ لینے کی دعوت دیتی ہے۔آج دنیا جس جنگ وجدل کا شکار ہے اس کا حل قرآن و سنت کا لازوال پیغام ہے۔تمام مسلمان قربانی کے فریضے کو انجام دے کر رب سے کیے ہوئے عہد کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کی کوشش کرتے ہیں۔اسما سفیر نے دعا کی کہ اللہ تعالی بیت اللہ کو حج و عمرہ کے لیے کھول دے۔وبا کو ختم کردے اور خانہ کعبہ کی رونق کو بحال کردے۔لبیک کی صدائوں سے عرفات اور منی کی وادیوں کو آباد کردے۔