افغان سفیر کی بیٹی کے اغوا کا ڈراما

253

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے انکشاف کیا ہے کہ افغان سفیر کی بیٹی اغوا نہیں ہوئی یہ عالمی سازش ہے بھارتی ایجنسی ’را‘ نے ساری دنیا میں یہ بات چھپائی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ لڑکی راولپنڈی کینٹ سے دامن کوہ کیسے پہنچی۔ راستے میں اس کا گھر تھا وہاں کیوں نہ اتری۔ شیخ رشید نے افغان سفیر کی بیٹی کے واقعے کا سارا ڈراما سامنے لا کر رکھ دیا ہے۔ اور اس کے متضاد بیانات موبائل کا ڈیٹا ڈیلیٹ کرنا اور نامناسب لباس کی وجہ سے گھر نہ اترنے کی بات کا بھی ذکر کیا۔ وزیر داخلہ نے بہت واضح طور پر کہا ہے کہ یہ ایک بین الاقوامی سازش ہے اور اس سازش کا سرا بھارت سے ملتا ہے۔ پاکستانی حکومت تمام فوٹیج حاصل کر رہی ہے پھر اس کو قوم کے سامنے پیش کر دے گی۔ اس قسم کے واقعات اور ڈرامے پاکستان کو بدنام کرنے کے لیے کیے جاتے ہیں۔ بہرحال پہلی مرتبہ پاکستان کی جانب سے کسی بین الاقوامی سازش کی چادر سر پر اوڑھنے کے بجائے اس پر دو ٹوک موقف اپنایا گیا ہے اور سارا کچا چٹھا کھول دیا ہے۔ چونکہ یہ بین الاقوامی سازش ہے اس لیے کسی بین الاقوامی دبائو کے نتیجے میں یوٹرن نہ لے لیا جائے۔ ورنہ افغانستان میں تیزی سے بدلتی صورتحال کے تناظر میں افغان سفیر کی بیٹی کا واقعہ نہایت اہم ہے۔ افغان سفیر کا ملک سے چلا جانا اور ان کی بیٹی کا تعاون نہ کرنا بھی معنی خیز ہے تاہم پاکستانی خفیہ ایجنسیوں نے جس طرح اس سازش کے بخیے ادھیڑے ہیں غالباً یہ پہلی مرتبہ ہوا ہے۔ ورنہ اپنے شہریوں ہی کی جاسوسی پر سارا زور صرف ہوتا تھا۔