حکومت تیل قیمت بڑھانے کے بجائے اپنا منافع کم کرے ، شاہد رشید

309

اسلام آباد(کامرس ڈیسک)تاجر رہنما اور اسلام آباد چیمبر کے سابق صدر شاہد رشید بٹ نے کہا ہے کہ اشیائے خور و نوش اور پیٹر ول کی قیمتوں میں بار بار کے اضافہ کے بجٹ کے وعدوں کی اہمیت کو ختم اور آمدہ عید مے مزے کو کرکرا کر دیا ہے۔منی بجٹ کا سلسلہ چل نکلا ہے جس نے عوام کو ہراساں کیا ہوا ہے۔ عالمی منڈی میں تیل اتنا مہنگا نہیں ہوا ہے جتنا عوام پر بوجھ ڈالا جا رہا ہے۔ حکومت تیل کی قیمت بڑھانے کے بجائے اپنا منافع کم کرے تاکہ عوام کو مزید مہنگائی سے بچایا جا سکے۔شاہد رشید بٹ نے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ جون 11 کے بجٹ کو عوام دوست کہ کرعوام کی آنکھوں میں دھول جھونکی گئی۔ بجٹ کے بعد سے تین بار پٹرولیم پراڈکٹس کی قیمت میں اضافہ کیا گیا ہے جس سے ملک میں مہنگائی میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ اشیائے خورد و نوش پر بلواسطہ اور بلاواسطہ ٹیکسوں کی بھرمار نے عوام کو نڈھال کر دیا ہے جبکہ پٹرولیم مصنوعات کی مسلسل بڑھتی ہوئی قیمتیں انکی جیبیں خالی اور کمر توڑ رہی ہیں اور وہ اپنی آواز بلند کرنے کے قابل بھی نہیں رہے ہیں۔ادھر بجلی مہنگی کرنے کے بعد اسکے نرخ میں چند پیسے کی کمی کر کے عوام سے مذاق کیا جا رہا ہے۔ آئی ایم ایف کے احکامات پر آنکھیں بند کر کے عمل کیا جا رہا ہے جو عوام کو سزا دینے کے مترادف ہے اور اگر یہ سلسلہ جاری رہا تو غریب جلد پتے کھانے پر مجبور ہو جائیں گے۔ انھوں نے کہا کہ ہر بار کے طرح اس بار بھی پٹرول کی قیمت میں اضافہ سے چار دن قبل آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے پٹرول پمپوں کو سپلائی کم کر دی تھی اور قیمت بڑھتے ہی سپلائی بحال کر دی۔ اس طرح سے اربوں روپے ناجائز طور پر کمائے گئے۔ آئل کمپنیاں یہ کام ہر ماہ دو بار پندرہ اور تیس تاریخ کو اس صورت میں کرتی ہیں جب انھیں پہلے ہی قیمت میں اضافہ کی اطلاع مل جاتی ہے۔