صرف سبزیاں کھانے سے آپ کی ہڈیاں کمزور ہوسکتی ہیں ، تحقیق

281

لندن: دنیا میں انسان کھانے پینے کے لیے اپنی پسند کی غذا کا انتخاب کرتے ہیں، کچھ لوگوں کو سبزیاں پسند ہوتی ہیں تو کوئی گوشت کھانے کو ترجیح دیتا ہے،  لیکن ٹھہریے، کیا آپ  کو معلوم ہے گوشت کو چھوڑ کر صرف سبزیاں کھانے سے آپ کی ہڈیاں کمزور ہوسکتی ہیں اور اس طرح ہڈیاں فریکچر ہونے کے خطرات بھی بڑھ جاتے ہیں۔

بین الاقوامی طبی جریدے میڈیسین میں شائع ہونے والی تحقیق میں ان خطرے کی طرف اشارہ کیا گیا ہے اور تحقیق کے مطابق جو لوگ صرف سبزیاں کھاتے ہیں ان کی ہڈیاں فریکچر ہونے کا خطرہ 43 فیصد تک بڑھ جاتا ہے، تاہم مچھلی اور سبزیاں تک محدود رہنے والے افراد میں ہڈیوں کے فریکچر کا خطرہ کم مگر نمایاں اضافہ ہوتا ہے۔

ماہرین نے اس تحقیق میں 55 ہزار افراد کو شامل کرکے ان کی غذائی عادات کا تجزیہ کیا اور حیران کن نتائج دیکھےگئے ہیں اور برطانیہ کی آکسفورڈ یونیورسٹی کی اس تحقیق میں شامل ڈاکٹر ٹامی تھونگ کا کہنا تھا کہ ہم نے ریسرچ کے دوران مختلف غذا کھانے والے افراد کی ہڈیوں کا تجزیہ کیا اور کمزوری کی وجہ جاننے کی کوشش کی۔

برطانیہ کی اس تحقیق کی خاص بات یہ ہےکہ اس کا آغاز 1993 میں ہوا اور اس مشن میں شامل افراد کی غذائی عادات کا تجزیہ اوسطاً 18 سال تک کیا گیا اور ان میں ہڈیوں کے فریکچر کے کیسز کو دیکھا گیا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ تمام تر مرحلوں کے مشاہدے کے بعد نتائج سامنے آئے ہیں اور تحقیق کے دوران 3 ہزار 931 فریکچر کے کیسز پورٹ ہوئے اور دریافت کیا گیا کہ گوشت سے دور رہنے والوں میں یہ شرح سب سے زیادہ تھی۔

محققین نے بتایا کہ یہ کہنا ابھی قبل از وقت ہوگاکہ آیا یہ غذا ہڈیاں کمزور کیوں کرتی ہیں جبکہ ہمارے پاس اس کے مکمل شواہد ابھی موجود نہیں ہیں، مگر یہ واضح ہے کہ گوشت کھانے والوں میں یہ خطرہ سبزی پسند کرنے والوں کے مقابلے میں 1.3 گنا کم ہوتا ہےاور اس حوالے سے مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔